رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ کے آغاز پر جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں بازاروں اورمارکیٹوں میں خریداروں میں بتدریج اضافہ ہورہاہے

ہفتہ 26 مئی 2018 15:15

رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ کے آغاز پر جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) رمضان المبارک کے پہلے عشرے کی تکمیل کے ساتھ ہی جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں بازاروں اورمارکیٹوں میں عید کی خریداری کیلئے شہریوں کی آمد میں بتدریج اضافہ ہورہاہے۔بازاروں اور مارکیٹوں میں ریڈی میڈ گارمنٹس اورشوز کی دکانوں پرخریداری کیلئے آنیوالے لوگوں کازیادہ رش ہوتاہے۔

سلے سلائے ملبوسات میں لوگوں کی دلچسپی زیادہ ہوتی ہے کیونکہ گرمی کے روزوں میں لوگ جلد از جلد خریداری مکمل کرکے گھر جانے کے متمنی ہوتے ہیں۔دکانداروں کے مطابق پہلے عشرے کی تکمیل کے بعد لوگوں کی رش میں اضافہ ہورہاہے جس کے ساتھ دکانداروں اورمارکیٹ مالکان نے دیرتک دکانیں کھلی رکھنے کیلئے انتظامات مکمل کئے ہیں۔سرکاری ملازمین کو آئندہ چندروز میں تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد عید کی خریداری میں زیادہ تیزی آنے کاامکان ہے۔

(جاری ہے)

دکانداروں کے مطابق فی الوقت بچوں کیلئے خریداری کارحجان زیادہ ہے ، زیادہ تر لوگ بچوں کیلئے خریداری پر توجہ دے رہے ہیں۔دکانداروں کے مطابق نوجوانوں میں ریڈی میڈ ملبوسات کی خریداری کا رحجان بڑھ رہاہے اوررمضان میں عمومی طورپرریڈی میڈ ملبوسات کی خریداری کی شرح میں 50سے 90فیصد اضافہ ہوجاتاہے۔ دوسری جانب شہریوں نے مارکیٹوں میں پارکنگ کی سہولیات اورٹریفک کورواں رکھنے کیلئے انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت پرزوردیاہے۔

متعلقہ عنوان :