شاہین ائیرلائنز کا مقامی فلائٹ آپریشن معطل

شاہین ائیرلائنز کے ذمے 521 ملین روپے واجب الادا ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 مئی 2018 14:37

شاہین ائیرلائنز کا مقامی فلائٹ آپریشن معطل
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 مئی 2018ء) : واجبات کی عدم ادائیگی پر شاہین ائیرلائنز کا مقامی فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے شاہین ایئرلائنز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے سول ایوی ایشن کو نجی ایئرلائنز کا لوکل فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہین ائیرلائنز کے ذمے ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 521 ملین روپے کی ایک کثیر رقم واجب الادا ہے ۔

تاہم واجبات کی عدم ادائیگی پر حکومت نے شاہین ائیرلائنز کے مقامی فلائٹ آپریشن کو معطل کر دیا ہے۔ ان لینڈ ریونیو کی ڈپٹی کمشنر فروہ عابد نے شاہین ائیر لائنز کو بھیجے گئے نوٹس پر دستخط کیے، نوٹس میں کہا گیا کہ مقامی ائیر لائن نے دی گئی ڈیڈ لائن پر بھی واجبات کی ادائیگی نہیں کی، نوٹس میں مزید کہا گیا کہ شاہین ائیرلائنز کے ذمے واجب الادا رقم کو مارچ تک ادا کیا جانا تھا، اور وفاقی ایکسائز رولز 2005ء کے تحت شاہین ائیرلائنز واجبات کی ادائیگی تک فلائٹ آپریشنز نہیں چلا سکتی۔

(جاری ہے)

ائیرلائن کو رقم کی ادائیگی پر متعلقہ حکام کی تصدیق کا انتظار کرنا ہوگا جس کے بعد ہی مذکورہ ائیر لائن اپنا فلائٹ آپریشن بحال کر سکے گی۔ اس پابندی کی وجہ سے شاہین ائیرلائنز کو کافی نقصان ہونے کا خدشہ بھی ظاہرکیا جا رہا ہے۔ ایف بی آر نے شاہین ایئرلائنز کے خلاف سول ایوی ایشن کو لکھے گئے خط میں ہدایت کی ہے کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی تک فلائٹ آپریشن بحال نہ کیا جائے اور واجب الادا رقم کی مکمل ادائیگی تک بینک اکاؤنٹس منجمد رکھے جائیں۔ واضح رہے کہ شاہین ائیر انٹرنیشنل پاکستان میں شاہین ائیر کے طور پرکام کر رہی ہے۔ شاہین ائیر پاکستان میں کام کرنے والی ایک نجی ہوائی کمپنی ہے جس پر واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پابندی عائد کر دی گئی ہے۔