کراچی میں شدید گرمی، ہیٹ ویو کی نئی وارننگ جاری

پیرسے کراچی کا درجہ حرارت ایک مرتبہ پھربڑھے گا، محکمہ موسمیات

ہفتہ 26 مئی 2018 14:51

کراچی میں شدید گرمی، ہیٹ ویو کی نئی وارننگ جاری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) شہر قائد میں غیر معمولی گرمی کی لہر ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اور محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی نئی وارننگ جاری کردی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غیر معمولی شدید گرمی، سمندر ہوائوں کی بندش اور بجلی کے طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کراچی والوں کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے شدید گرمی پڑنے کے بعد ابھی کراچی والوں نے کسی قدر سکون کا سانس لیا تھا کہ گرمی کی نئی لہر نے عوام کو آگھیرا ہے۔ہفتہ کو پارہ41ڈگری سے تجاوز کرگیا جب کہ گرمی کی تپش 43 ڈگری محسوس کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شہر میں ہیٹ ویو کی نئی وارننگ جاری کردی ہے جس کے مطابق شہر میں اتوار سے پیر تک درجہ حرارت 42 ڈگری تک رہے گا۔ اس لئے شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور سر پر گیلا رومال ضرور رکھیں۔