آئی ایس آئی کے کسی ممبر کی وفاداری بدلنا نا ممکن ہے

را کسی آئی ایس آئی افسر کو نہ پکڑ سکی لیکن آئی ایس آئی نے کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ سابق را چیف بھی آئی ایس آئی کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 مئی 2018 13:59

آئی ایس آئی کے کسی ممبر کی وفاداری بدلنا نا ممکن ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 مئی 2018ء) : پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی نے اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر روایتی حریفوں کو بھی اپنی تعریف کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت خفیہ ایجنسی ''را'' کے سابق چیف امرجیت سنگھ دولت نے پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کو دنیا کی نمبر ون خفیہ ایجنسی قرار دے دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بھارتی ایجنسی " را " کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دلت نے اسد درانی کے ہمراہ لکھی گئی کتاب میں یہ بات تسلیم کی ہے کہ آئی ایس آئی کے کسی ممبر کی وفاداری بدلنا ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی " را " تو کسی آئی ایس آئی ممبرکو نہیں پکڑ سکی لیکن پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی نے کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر اعتراف اُس سے جُرم بھی کروالیا۔

(جاری ہے)

سابق را چیف نے اعتراف کیا کہ آئی ایس آئی ہی دنیا کی نمبرون خفیہ ایجنسی ہے اور یہ ایک اٹل حقیقت ہے۔اپنی کتاب میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اگر آئی ایس آئی اتنی مؤثر تنظیم نہ ہوتی تو ہر روز بھارت میں اس پر الزام نہ لگ رہا ہوتا۔

خیال رہے کہ امرجیت سنگھ دلت پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اتنے معترف ہیں کہ اس کا سربراہ بننے کو بڑا اعزاز بھی قرار دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ را کے سابق چیف امرجیت سنگھ دولت نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی کے ساتھ مل کر اسپائی کرانیکل نامی کتاب قلمبند کی ہے جس نے دونوں ممالک میں طوفان برپا کر دیا ہے۔یہ کتاب آج کل خبروں کی زینت بھی بنی ہوئی ہے۔ ’’دی سپائے کرونیکلز:را، آئی ایس آئی اینڈ دی الویژن آف پیس‘‘ میں کئی انکشافات کیے گئے ہیں، جس میں 1991ء میں بحیثیت آئی ایس آئی سربراہ لیفٹننٹ جنرل اسد درانی کی خفیہ طورپر بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' کےسربراہ سےملاقاتیں بھی شامل ہیں۔