وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کو سکھر ، ملتان موٹروے (ایم 5) کا افتتاح کیا،

سکھر ، ملتان موٹر وے سیکشن سے ملتان اور شجاع آباد کے درمیان سفری سہولیات میں اضافہ اور آسانی ہوگی

ہفتہ 26 مئی 2018 13:06

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کو سکھر ، ملتان موٹروے (ایم 5) کا افتتاح ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کو سکھر ، ملتان موٹروے (ایم 5) کا افتتاح کیا۔سکھر ، ملتان موٹر وے سیکشن سے ملتان اور شجاع آباد کے درمیان سفری سہولیات میں اضافہ اور آسانی ہوگی۔سکھر ملتان موٹروے کراچی ، لاہور موٹر وے منصوبے کا حصہ ہے جو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت تعمیر کی جا رہی ہے ۔

اس منصوبے پر 2016ء میں کام کا آغاز کیا گیا تھا جو 2019ء میں مکمل ہوگا۔ یہ چھ رویہ سڑک ہے جو گھوٹکی ، رحیم یار خان ، صادق آباد اور بہاولپور سمیت مختلف بڑے شہروں سے گزرے گی۔ یہ سڑک صوبہ سندھ کو صوبہ پنجاب سے ملانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ اس منصوبہ میں پلوں ، انٹر چینجز اور انڈر پاسیز سمیت سروس ایریاز کے علاوہ دیگر سہولیات بھی شامل ہیں ، اس منصوبے کا اہم مقصد یہ ہے کہ مسافروں اور سامان کی ترسیل کیلئے تیز ترین سفری سہولت فراہم کی جا سکے ، جس کی تکمیل سے ملک کے کئی بڑے معاشی اور صنعتی مراکز کی سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

موٹر وے کا یہ منصوبہ نا صرف ماحولیات کی ترقی میں مدد دے گا بلکہ اس سے ٹرانسپورٹ کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی بھی ہوگی جو قومی معیشت کیلئے کئی طرح کے فوائد کی حامل ہے ۔منصوبہ کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی میں بہتری سے تیل کی بچت ہوگی جبکہ اس سے ملک کے بڑے شہروں کے درمیان فاصلوں کو بھی کم کرنے میں مدد کے علاوہ ٹریفک حادثات کے باعث ہونے والے نقصانات کو بھی کم کیا جاسکے گا۔