صدر کی تصویر والے اخبار بطور ٹوائلٹ پیپر استعمال کرنےپر ترکمانستان پولیس کی ٹوائلٹس کی تلاشی

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 25 مئی 2018 23:50

صدر کی تصویر والے اخبار  بطور ٹوائلٹ پیپر استعمال کرنےپر ترکمانستان ..

ترکمانستان میں پولیس نے سارے ملک میں پبلک اور پرائیویٹ ٹوائلٹ کی تلاشی لینی شروع کر دی ہے۔تلاشی کا مقصد  صدر قربان قلی بردی محمدوف کی تصاویر والے اخبارات کے بطور ٹوائلٹ پیپر استعمال کے ثبوت جمع کرنا ہے۔
ترکمانستان کے صدر اپنےغیر معمولی اقدامات پر خبروں میں رہتے ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے انہوں نے ملک میں سیاہ کاروں کے استعمال پر صرف اس وجہ سے پابندی لگا دی تھی کہ انہیں سفید   رنگ پسند ہے(تفصیلات اس صفحے پر) ۔


صدر صاحب کے اسی طرح کے اقدامات کے باعث لوگ انہیں ناپسند کرتے ہیں اور ان کی تصاویر والے اخبارات ٹوائلٹ پیپر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ پولیس  اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے والا عملہ  اس غیر معمولی جرم کا سراغ لگانے کےلیے ثبوت کی تلاش میں ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کا برتاؤ کرنے والے شہریوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہونگے۔


ماسکو بیسڈ نیوز سائٹ فرغانہ کے مطابق اس قصے کی شروعات پچھلے سال کے آخر میں داشوغوز شہر  میں اس وقت ہوئی جب کچھ بچوں کو صدر کی تصویر خراب کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ اس کے بعد کچھ بچوں  نے صدر کی تصویر کو پیروں تلے مسل دیا۔ ایک اور کیس میں کچھ بچوں نے مارکر سے صدر کی تصویر پر داڑھی مونچھیں بنا دیں۔ان مقدمات کی تحقیق ہوئی تو معلوم ہوا کہ  لوگ  صدر کی تصویر والے اخبارات بھی ٹوائلٹ پیپر کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔

پولیس کو ایک سکول  کے ٹوائلٹ سے ایسے  استعمال شدہ اخبارات بھی ملے ہیں۔ اس سکول کے ڈائریکٹر کو ملازمت سے نکال دیا گیا تھا۔
پولیس تو پبلک اور پرائیویٹ ٹوائلٹس کی تلاشی لے ہی رہی ہے ، اس کے ساتھ کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے والے  اہلکاروں کو بھی مٹی سے صدر کی  تصویر والے اخبارات دیکھنے کی  ہدایات جاری کی گئی ہیں۔حکام نے کوڑا کرکٹ ٹھکانے والے ہر مقام پر ایک خصوصی ملازم کو صرف  صدر کی تصویر والے اخبارات چننے پر  لگایا ہوا ہے۔


کچھ مقامی اخبارات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ترکمانستان میں معاشی بحران ہے، جس کی وجہ سے لوگ ٹوائلٹ پیپر پر خرچ کرنے کی بجائے اخبارات استعمال کرتے ہیں۔ اخبارات میں صدر کی تصویریں نمایاں ہوتی ہیں، اس لیے ایسا لگتا ہےکہ صدر کی تصویروں والے اخبار ہی استعمال کیے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :