آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور

کراچی میں دہشتگرد تنظیم کے مقابلے میں پیپلز پارٹی صاف ستھرے امیدوار سامنے لائے گی، اعظم بستی میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب

جمعہ 25 مئی 2018 23:36

آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔کراچی میں دہشتگرد تنظیم کے مقابلے میں پیپلز پارٹی صاف ستھرے امیدوار سامنے لائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعظم بستی میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گجر برادری نے فریال تالپور اور صوبائی وزیر سعید غنی کی موجودگی میں پی پی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔

فریال تالپور نے کہا کہ موجودہ حالات میں کراچی بدل رہا ہے، پی پی نے کراچی شہر میں ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ اب کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کی صورت میں چوائس مل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران پی پی سندھ سمیت ملک بھر میں بھرپور طریقے سے مخالفین کا مقابلہ کریگی، کراچی میں ایک طرف دہشتگرد تنظیم ہے تو دوسری جانب پیپلز پارٹی کے صاف ستھرے امیدوار سامنے لائیں گے۔ آئندہ انتخابات میں پی پی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔