مسجد نبویﷺ اور مسجد الحرام کا رخ کرنے والے زائرین کیلئے ہنگامی الرٹ جاری

مسجد نبویﷺ اور مسجد الحرام میں معتمرین کی تعداد میں بے پناہ اضافہ، مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 44 اور مدینہ منورہ میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ، حکام نے معتمرین کو سائبان، چھتری اور ماسک استعمال کرنیکی ہدایت کردی

جمعہ 25 مئی 2018 23:16

مسجد نبویﷺ اور مسجد الحرام کا رخ کرنے والے زائرین کیلئے ہنگامی الرٹ ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) مکہّ مکرمہ میں رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ بھی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ،ْمسجد نبویًؐاورمسجد الحرام میں معتمرین کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ،ْنمازتراویح اورعمرے کے لیے آنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہوگئی۔مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 44 اور مدینہ منورہ میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے جبکہ سعودی حکام نے معتمرین کو سائبان،چھتری اور ماسک استعمال کرنیکی ہدایت کردی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام میں بھی اس رمضان المبارک کے دوران پہلی مرتبہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا۔سعودی گزٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق عمرہ فورسز کے ڈپٹی کمانڈر نے مقامی روزنامے المدینہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عام زائرین اور عازمین عمرہ کے ہجوم کے انتظام کے لیے وضع کردہ اس منصوبے میں سیکیورٹی، تنظیمی اور انسانی پہلو شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جو زائرین اور عازمینِ عمرہ کسی قسم کی گڑ بڑ ظاہر کریں گے، انھیں مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور یہ اقدام ان کے اور دوسروں کے تحفظ کے پیش نظر کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ زائرین یا عازمین عمرہ کو ان کے سامان سمیت الحرم پلازہ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔واضح رہے کہ مسجد الحرام میں لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کے لیے تقریباً 2500 کیمرے نصب ہیں اور اب ڈرونز اور سیکیورٹی طیارے بھی فضا میں گردش کرتے نظر آئیں گے۔