ماہ رمضان کے مبارک مہینے میں بھی سانگھڑ شہر میں کئی روز سے پینے کے پانی کا بحران جاری

شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ پانی کی بندش سے شہریوں اور روزہ داروں کو سخت مشکلات کا سامنا

جمعہ 25 مئی 2018 23:11

سانگھڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) ماہ رمضان کے مبارک مہینے میں بھی سانگھڑ شہر میں کئی روز سے پینے کے پانی کا بحران جاری ہے۔ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ پانی کی بندش سے شہریوں اور روزہ داروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ میونسپل کمیٹی سانگھڑ کے عملے نے شہر میں پینے کے پانی کی سپلائی کی بندش کا اعلان کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے ماڈل ٹائون، شہنشاہ کالونی،ہندوپاڑھ،المنصور کالونی، جمیل کالونی،شفیع کالونی، صرافہ بازار،ہاوسنگ سوسائٹی، زاہد ٹائون ،ڈی سی ہائوس سمیت دیگر سرکاری کواٹرز، کمبھارپاڑہ ، ڈھک پاڑہ بلاک نمبر 13،14، سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ روز سے پینے کے پانی کا بحران جاری ہے جس کی وجہ سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے دنوں میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ ٹینکر مافیا کے ہاتھوں لوٹنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مرد خواتین اور بچے مختلف مقامات پر پانی کے حصول کیلئے دھکے کھانے پر بھی مجبور ہو گئے ہیں۔ میونسپل کمیٹی سانگھڑ کے عملے نے شہر بھر میں اعلان کرادیا کہ واٹر سپلائی کے تلابوں میں پانی کی کمی کے باعث سپلائی بند ہو گئی ہے اور کئی دنوں تک جاری رہے گی۔

شہریوں کو چاہیے پانی احتیاط سے استعمال کریں۔ رابط پر ٹی ایم او سانگھڑ منور ظریف کھاوڑ نے بتایا کہ ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ نے پانی کی سپلائی بند کی ہوئی ہے جسکی رپورٹ ڈپٹی کمشنر زوھیب مشتاق سانگھڑ کو لیڑ کے ذریعے دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ بالا حکام سے ایری گیشن ادارے کے متعلق معلومات لی جائے گی دوسری طرف مونسپل کمیٹی سانگھڑ کے وائس چیئرمین عاصم رسول کی قیادت میں یوسی کونسلر امجد راجپوت، سید نعمت بادشاہ، میڈم سلمہ قریشی،مکھی رمیش کمار مالھی دیگر نے بھی ڈی سی سانگھڑ سے ملاقات کی ۔

شہریوں کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈی سی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ مجھے شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ اس کی مکمل رپورٹ اعلی حکام کو دی جائے گی اور جلد سے جلد شہریوں کا پینے کا صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔