پشاور،وزیراعلیٰ پرویز خٹک کاصوبے میں بجلی کی ٹرانسمیشن کمپنی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی کے قیام کی تجویز سے اتفاق،متعلقہ حکام کو جامع پروپوزل تیار کرکے انہیں بھیجنے کی ہدایت ک

جمعہ 25 مئی 2018 23:05

پشاور،وزیراعلیٰ پرویز خٹک کاصوبے میں بجلی کی ٹرانسمیشن کمپنی خیبرپختونخوا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں بجلی کی ٹرانسمیشن کمپنی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی (KPTDC) کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس ضمن میں متعلقہ حکام کو جامع پروپوزل تیار کرکے انہیں بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی سطح کی اپنی ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام کا آئیڈیا بہتر ہے اور اگر یہ کمپنی قائم ہوگئی تو صوبے کے پاس موجود بجلی کی وافر صلاحیت سے بھر پور فائدہ حاصل کیا جا سکے گا اور مناسب ٹیرف پر کمپنی صوبے سے بجلی خریدے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں دیرپا ترقیاتی اہداف کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزیر قانون و انصاف امتیاز شاہد قریشی کے علاوہ وزیراعلیٰ کے ترجمان و ایم پی اے شوکت یوسفزئی، ارباب وسیم حیات ، فضل الٰہی، زرین ضیاء و دیگر اراکین صوبائی اسمبلی، چیف ایگزیکٹیو اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور محکمہ توانائی و برقیات اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ازمک کے حکام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو صوبے میں صوبائی سطح کی بجلی کی ٹرانسمیشن کمپنی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (KPTDC) کے قیام کیلئے ایک مجوزہ ماڈل پر تفصیلی بریفینگ دی اور وزیراعلیٰ کو نئی کمپنی کے قیام کے خدوخال سے آگاہ کیا اور نئی کمپنی کے ذریعے صوبے کو ممکنہ طور پر ملنے والے فوائد کے بارے میں ان کو تفصیلات بتائی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے ازمک کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس ضمن میں ایک جامع پروپوزل بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس حوالے سے بامعنی اور تیز تر کام کیا جائے کیونکہ صوبے کے پاس بجلی کی پیداوار کی زیادہ گنجائش موجود ہے اور اس اقدام کے ذریعے صوبے کی بجلی مناسب ریٹ پر کمپنی خرید لے گی جنہیں صنعتی زونز اور دیگر ضروریات میں استعمال کیا جا سکے گا۔