Live Updates

تحریک انصاف دوبارہ حکومت بنا کر خیبرپختونخوا کی روایت بدل دے گی، وزیراعلیٰ پرویزخٹک

جمعہ 25 مئی 2018 22:58

تحریک انصاف دوبارہ حکومت بنا کر خیبرپختونخوا کی روایت بدل دے گی، وزیراعلیٰ ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی سیاسی جماعت کو دوبارہ حکومت بنانے کا موقع نہیں ملاتاہم آئندہ عام انتخابات میں یہ روایت بدلنے جارہی ہے، تحریک انصاف دوبارہ حکومت بنا کر خیبرپختونخوا کی روایت بدل دے گی کیونکہ اس وقت تحریک انصاف مقبول ترین جماعت اور متوسط اور غریب طبقے کی آواز بن چکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میںنوشہرہ کینٹ ، پبی اور نوشہرہ کلاں کے متعدد سرکردہ سیاسی ورکروں کی پی ٹی آئی میں شمولیتی تقریبات اورپی کے ۔62 نوشہرہ اورامان گڑھ سے پی ٹی آئی یوتھ کے ساتھ تعارفی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے زندگی بھر سیاست کی ہے اور حکومتوں کے آنے اور جانے کے معاملات بڑے قریب سے دیکھے ہیں جبکہ کسی حکومت کا آخری وقت آتا ہے تو لوگ برسراقتدار پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلیتے ہیں مگر اب کی بار صورتحال مختلف ہے آئندہ انتخابات میں اس صوبے کے عوام پی ٹی آئی پر دوبارہ اعتماد کرکے تاریخ بدل دیں گے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے اُدھورے وعدوں اور کھوکھلے نعروں کی سیاست کا باب بند کر دیا ہے ۔ پانچ سال صحیح معنوں میں اپنے ایجنڈے کے مطابق عوام کی خدمت کی ہے رشوت کے خلاف جہاد کیا ۔ تعلیم ، صحت، پولیس اور دیگر شعبوں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے خدمات کی انجام دہی کے قابل بنایا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس ملک میں غریب کے نام پر ووٹ لینے والوںنے جان بوجھ کر غریب کا استحصال کیا تاکہ غریب میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہ آجائے اور حکمرانوں کی بادشاہت قائم رہے ۔

پرویز خٹک نے کہاکہ یہی روایتی سیاسی جماعتیں یکے بعد دیگرے حکومتیں بناتی رہیں کسی نے غریب کی فکر نہیں کی ۔ واحد تحریک انصاف ہے جو غریب دشمنی کے خلاف کھڑی ہوئی اور عام آدمی کے حقوق کی بحالی کیلئے نظام کی تبدیلی اور اداروں کی بحالی کا بیڑا اُٹھایا ۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے نوجوان کارکنوں اور عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کیلئے ہر شعبے میں اقدامات کئے ہیں۔

نوجوان سابق حکومتوں اور موجودہ حکومت کے کردار کا موازنہ کریں اور اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں سے اُمید ہے اور وہی اس قوم کا مستقبل ہیں اس ملک کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے ہمیں ذاتی مفادات کی جگہ قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات