رمضان المبارک کے دوران ضلع بٹگرام میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کا سلسلہ جاری

جمعہ 25 مئی 2018 22:48

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) رمضان المبارک کے دوران ضلع بٹگرام میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کا سلسلہ جاری ہے، ناجائز منافع خوروں نے سرکاری نرخ نامہ کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے من مانی شروع کر دی، ضلعی انتظامیہ مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرانے میں بری طرح ناکام ہو گئی، اشیائے خوردونوش کی قیمتیںآسمان سے باتیں کرنے لگی۔

مقامی سطح پر اشیائے صلف عوام کی دست راست سے باہر ہو گئی، مختلف اشیاء ضروریہ کی خود ساختہ قیمتیں مقرر ہیں، مقدس مہینے میں روزہ دار لٹ گئے، روزہ دار نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران ضلع بٹگرام میں مقامی سطح پر ناجائز منافع خوروں نے اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کیا ہے، سرکاری مقرر کردہ نرخ ناموں کو قدموں روند کر ناجائز منافع خوروں نے مہنگائی کا طوفان برپا کیا جس کی روک تھام میں ضلعی انتظامیہ نکام دکھائی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

گوشت، پھل، سبزیاں، مشروبات، مرغ اور دیگر اشیائے خوردونوش عوام کے دست راست سے باہر ہو چکی ہیں، ناجائز منافع خوروں نے روزہ داروں کی چیخیں نکال دی ہیں۔ بٹگرام کے اندر مختلف اشیائے صلف کی ذخیرہ اندوزی بھی کی جا رہی ہے تاکہ مصنوعی قلت پیدا کرنے کے بعد انہیں مہنگے داموں فروخت کیا جا سکے جبکہ ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کے مرتکب عناصر کیخلاف بے رحم آپریشن کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اس ضمن میں بٹگرام کے عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور نوٹس لیں اور عوام کو ریلیف پہنچائیں۔