جو حکومت کے پی کے میں پانچ سال میں انقلاب نہیں لا سکی وہ 100دن میں کیا انقلاب لائے گی ،ْوزیر اعظم

پارٹی کا وفادار نہیں وہ ملک کا بھی وفادار نہیں ،ْ جماعتیں بدلنے والے اپنی خدمت کر سکتے ہیں عوام کی نہیں، عوام مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ لیں اور انتخابات میں فیصلہ کریں ،ْ موجودہ حکومت سی پیک جیسا منصوبہ لائی اور فاٹا کا دیرینہ مسئلہ بھی حل کر دیا ،ْ2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی، اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا ،ْشاہد خاقان عباسی کا خطاب

جمعہ 25 مئی 2018 22:09

جو حکومت کے پی کے میں پانچ سال میں انقلاب نہیں لا سکی وہ 100دن میں کیا ..
شیخوپورہ/کالا شاہ کاکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو حکومت کے پی کے میں پانچ سال میں انقلاب نہیں لا سکی وہ 100دن میں کیا انقلاب لائے گی ،ْجو پارٹی کا وفادار نہیں وہ ملک کا بھی وفادار نہیں ،ْمسلم لیگ (ن )چھوڑ کر جانے والوں کو عوام مسترد کریں گے ،ْ عوام مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ لیں اور انتخابات میں فیصلہ کریں ،ْ موجودہ حکومت سی پیک جیسا منصوبہ لائی اور فاٹا کا دیرینہ مسئلہ بھی حل کر دیا ،ْ2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی، اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا۔

شیخوپورہ میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے علاوہ کسی نے شیخوپورہ میں ترقیاتی کام نہیں کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع شیخوپورہ میں 10 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی کام کیے گئے، ترقیاتی کاموں کو دیکھ لیں اور انتخابات میں فیصلہ کریں۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن ہی ملک کو معاشی طاقت بنا سکتی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک جیسا منصوبہ لائی اور فاٹا کا دیرینہ مسئلہ بھی حل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ جماعتیں بدلنے والے اپنی خدمت کر سکتے ہیں عوام کی نہیں، جو پارٹی کا وفادار نہیں وہ ملک کا بھی وفادار نہیں، مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر جانے والوں کو عوام مسترد کر دیں گے۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی جماعت ووٹ کی حقدار نہیں، 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہو گی، اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے، جو 1500 دن میں کام نہیں کر سکے وہ آج 100 دن کا منصوبہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاستی جماعتوں کی سوچ میں واضح فرق ہے، وہ جو کام کرنے کے وعدے کر رہے ہیں مسلم لیگ ن کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت آئی تو اس وقت ملک میں گیس نہیں تھی، آج ملک بھر میں 12 ماہ وافر گیس دستیاب ہے، 16 لاکھ نئے کنکشن لگائے گئے ہیں اور تمام کنکشن میرٹ پر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فرق ہے نواز شریف کی سوچ اور ان لوگوں کی سوچ میں جو آج دعوے کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال میں جو کام کئے ان کی 65 سالوں میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سڑکوں اور موٹرویز کا جال بچھایا گیا ہے، بجلی کے کارخانے لگائے گئے ہیں، ہوائی اڈے اور بندرگاہیں تعمیر کی گئی ہیں، سی پیک کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جو ملکی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا میں 70 سال پرانا نظام رائج تھا جسے تبدیل کیا گیا ہے، آج وہاں کے لوگ بتا رہے تھے کہ ملک کے باقی حصوں کے لوگوں کو 1947ء میں آزادی ملی تھی اور ہمیں 2018ء میں نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام کی خدمت کی اور ان کے مسائل حل کئے، پاکستان کو دنیا میں عزت اور قوت دی، 20 سال قبل پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے بھی محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) تھی۔

اس موقع پر انہوں نے ماناوالہ کو تحصیل کا درجہ دینے، سٹیڈیم کی تعمیر، علاقہ میں گیس کی فراہمی اور شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں کے اعلانات کئے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر رانا تنویر کو اگلے ہفتہ علاقہ میں گیس کے ایک اور منصوبہ کے افتتاح کی ہدایت کی اور کہا کہ سیاست میں رانا تنویر کی کامیابی کی وجہ ہر طرح کے حالات میں جماعت سے ان کی وفاداری ہے، وہی سیاست کامیاب ہوتی ہے جو حلقہ کے عوام اور ملک کی خدمت پر مبنی ہو۔

دریں اثناء کالاشاہ کاکو میں امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ شاہ درہ پر 6 رویہ اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان اور رانا تنویر حسین مسلم لیگ ن کے سب سے پرانے ممبران میں شامل ہیں جو1985سے اسمبلی کے ممبر بنتے آرہے ہیں، انہوں نے حلقے کے مسائل کے حل کے لئے بہت محنت کی ہے،شیخوپورہ میں جو ترقی ہوئی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے کسی بھی حلقے میں جائیں مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف کے کام نظر آئیں گے ‘ہم نے سیاست کا دو تہائی وقت اپوزیشن میں گذرا ہے لیکن جب بھی اقتدار ملا تو ہم نے خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ‘ ملک میں پاور پلانٹس ‘ایئر پورٹس ‘ہائی ویز ‘موٹر ویز ‘گیس ‘بجلی ‘انڈسٹریل زون ‘یونیورسٹی ‘کالج ‘سکول اور ہسپتالوں سمیت ہر عوامی خدمت کے منصوبے پر محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی مہر نظر آتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی واحد حکومت ہے جس کے دور میں منصوبے شروع اور مکمل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اووہیڈ برج اس علاقے کے لئے مسلم لیگ ن کی طرف سے تحفہ ہے ‘یہ منصوبے اس علاقے کی ضرورت تھی ‘اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیاہے جو 18مہینے میں مکمل ہوگا۔انہوں نے چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ اس مدت سے قبل اس سکیم کی تکمیل کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا گیا ہے‘جب پہلی مرتبہ موٹر وے بنائی گئی تواس پر تنقید کی گئی لیکن آج وہ ہی لوگ یہ سمجھ گئے ہیں کہ ترقی کرنی ہے تو موٹر ویز ضروری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2019سے قبل شیخوپورہ سے کراچی تک موٹر وے کا سفر یقینی ہوجائے گا ‘جس ملک میں سفر میں آسانی ہو جائے۔ وہ ملک ضرور ترقی کرتا ہے جہاں موٹر وے ‘آئی ٹی ‘ٹرین اور دیگر شعبوں میں ترقی ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پایا گیا ہے ‘جتنی بجلی پاکستان میں 65سالوں میں پیدا کی گئی اس کے مقابلے میں اتنی کم مدت میں 11ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی اور آئندہ 20سال کے منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے‘2013میں گھروں ‘صنعتوں کو گیس فراہم نہیں ہورہی تھی اور کھاد باہر سے منگوا رہے تھے۔ ہم نے گیس بھی ہر شعبے کو فراہم کی، گذشتہ سال 6لاکھ ٹن فرٹیلائزر برآمد کیا، پہلے ہم سالانہ 10لاکھ ٹن فرٹیلائزر درآمد کرتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ شیر شاہ روڈ منصوبے پر بھی کام کافی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے ‘دیگر سڑکوں پر بھی کام جاری ہے وہ بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا ‘شیخوپورہ میں 10ارب لاگت کی سوئی گیس کی سکیمیں مکمل اور کچھ جاری ہیں ۔عوامی نمائندوں کی دانش اور حکومت کی محنت سے اتنے کام ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ یہ کوشش کی کہ سیاست خدمت ‘مساوات اور عزت کی سیاست ہو ‘ہمارے پلیٹ فارم سے نہ کسی کو گالی نکالی گئی نہ پگڑی اچھالی گئی ‘میری خواہش ہے کہ مخالفین کے پلیٹ فارم سے سیاست اور ووٹ کو عزت دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز فاٹا میں انگریز کا بنایا ہوا نظام ختم کر کے پاکستان کے قوانین لائے گئے ‘تمام سیاسی جماعتوں نے دو تہائی سے بل منظور کیا ۔یہ کام بھی پاکستان مسلم لیگ ن اور نواز شریف نے کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جولائی میں دوبارہ فیصلہ عوام کے پاس ہے ‘فیصلہ عوام کے پاس ہے اگر عوام نے یہ سمجھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان اور عوام کی خدمت کی ہے توپھر ووٹ کا حقدار محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن ہے ‘جو فیصلہ عوام کریگی اسے پاکستان کی عوام کو پانچ سال قبول کرنا پڑے گا ۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو حکومت کے پی کے میں پانچ سال میں انقلاب نہیں لا سکی وہ 100دن میں کیا انقلاب لائے گی ‘ہم جانتے ہیں کہ سیاست کا معیار کیا ہوتا ہے ‘ عوام نے جو امانت ہمارے سپرد کی ہے اس میں خیانت نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ نوجوانوںکو روز گار ملے اور ملک ترقی کرے ۔واضح رہے کہ اوورہیڈ برج شاہدرہ سے شرو ع ہوکر کالاشاہ کاکو انٹر چینج سے جنوب میں 4.4کلومیٹر کے فاصلے پر ختم ہوگا ۔

اس منصوبے کی لمبائی1.7کلومیٹر ہے ،یہ منصوبہ ریلوے اوور ہیڈ برج ،رسائی کے راستوں ،سروس روڈ اور پیدل چلنے والوں کے لئے دو کراسنگ برجز پر مشتمل ہے ۔اس پل کی تعمیر سے جی ٹی روڈ (این فائیو) پر شاہدرہ کے قریب امامیہ کالونی کے مقام پر ٹریفک کے بلاتعطل بہائو میں سہولت ہوگی اوررش اور تاخیر نجات ملے گی ۔