Live Updates

وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال کی تعمیر نوکے منصوبے کا افتتاح کردیا،

تعمیرنو پر تقریبا 76 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ایمرجنسی کے نئے بلاک ، ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک اور سی ٹی سکین مشین کا بھی افتتاح کیا،300 بیڈز پر مشتمل ہسپتال میں اہم شعبوں کا اضافہ ہسپتال میں شام کی او پی ڈی کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے،نارووال اورسیالکوٹ کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس کا افتتاح کیا ہم نے ’’ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز…نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز‘‘ کا عملی نمونہ پنجاب کے ہسپتالوں میں لاگو کیا ہے نیازی صاحب سے میٹرو بس تو نہیں بنی لیکن انہو ںنے کے پی کے کے عوام کی بس ضرور کرا دی ہی:شہبازشریف کاش نیازی صاحب اس قابل ہوتے کہ وہ کہہ سکتے کہ میں پشاورکو لاہوربناؤں گا لیکن انہوںنے پشاورکو برباد کرکے رکھ دیا ہے زرداری صاحب آپ نے سندھ کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور کراچی کو کرچی کرچی کرکے دکھ دیا ہی:وزیراعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 25 مئی 2018 22:09

وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال کی تعمیر نوکے منصوبے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال کی تعمیر نوکے منصوبے کا افتتاح کیا۔ ہسپتال کی تعمیرنو پر تقریبا 76 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ہسپتال کی ایمرجنسی کے نئے بلاک کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک اور سی ٹی سکین مشین کا بھی افتتاح کیا۔

ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک پر تقریباً 3 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ 300 بیڈز پر مشتمل اس ہسپتال میں اہم شعبو ں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ہسپتال میں شام کی او پی ڈی کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے نارووال کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹ کا افتتاح کیا اوراس کی چابیاں ڈپٹی کمشنر کو دیں۔اسی طرح وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ کیلئے بھی موبائل ہیلتھ یونٹ کاافتتاح کیا اورچابیاں ڈپٹی کمشنر کے حوالے کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے، مریضو ںکی عیادت کی۔وزیراعلیٰ نے مریضوں اور ان کے تیمارداروںسے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ اس موقع پر مریضوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آپ نے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔

اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ہمت اور درازی عمر عطا فرمائے۔ہم سب آپ کیلئے دعا گو ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور کام نہیں ہوسکتا۔ آج ہسپتالوں میں عام آدمی کو وہی دوائی مل رہی ہے جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے۔ ہم نے صحت عامہ کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے ہیں جس کا مقصد صرف عام آدمی کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نارووال میں صحت عامہ کے متعدد منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے منصوبے مکمل کئے ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی اور اعلیٰ کام ہو نہیں سکتا، اسی لئے ہم نے عام آدمی کو بہتر اور معیاری طبی سہولتو ںکی فراہمی کیلئے صحت کے شعبہ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نارووال میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی تعمیر نو کی گئی ہے اور اب یہ ہسپتال 300 بستروں کا ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارووال اور سیالکوٹ کیلئے ایک ایک موبائل ہسپتال بھی فراہم کیا گیا ہے اور یہ ہسپتال دور داز علاقوں، عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کے کئی ضلعی ہسپتالوں میں صحت عامہ کے منصوبوں کا افتتاح کر چکا ہوں اور اب ہر ضلعی ہسپتال اپنا ایک علیحدہ اور منفرد مقام رکھتا ہے۔

ان ہسپتالوں میں جدید ترین مشینری نصب کی گئی ہے۔ آٹو میٹک بیڈ زہیں، شاندار وارڈز اور ڈائیلسز سینٹر ہیں۔ ان شاندار ہسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے مریض جھولیاں اٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں۔ یہ دعائیں صرف میرے لئے نہیں بلکہ ان سب افراد کیلئے ہیں جنہوں نے مل کر دن رات محنت سے ایسے شاندار ہسپتال بنائے ہیں۔ میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان، سیاسی رفقاء اور انتظامیہ کو سلیوٹ کرتا ہوں جنہوں نے ان اداروں کے قیام کیلئے دن رات محنت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیگر ضلعی ہسپتالوں کی طرح نارووال کے ضلعی ہسپتال میں بھی سی ٹی سکین مشین نصب ہو چکی ہے اور یہ مشین مریضوں کو 24 گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت مفت فراہم کرے گی اور کسی مریض کو سی ٹی سکین کیلئے اب ایک دھیلہ بھی نہیں دینا پڑے گا۔ اب یہ مشین نہ خراب ہوگی اور نہ کبھی بند، کیونکہ ہم نے بوسیدہ اور پرانا نظام بدل دیا ہے اور غریب مریضوں سے اس ٹیسٹ کیلئے پیسے بٹورنے والوں کا غیرمقدس گٹھ جوڑ توڑ دیا ہے۔

اب کوئی مریض کو یہ کہہ کر باہر سے سی ٹی سکین کرانے پر مجبور نہیں کرسکے گا کہ ہسپتال کا وقت ختم ہو گیا ہے یا مشین خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی سکین کا جدید نظام بنایا گیا ہے جس کے تحت ریڈیالوجسٹ کمپنی کے قائم کردہ لاہور سینٹر میں ہر وقت موجود ہوگا جو رپورٹ بھجوائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کو تو یورپ اور دیگر اعلیٰ ہسپتالوں میں علاج کی معیاری سہولتیں ملیں لیکن غریب عوام کی آنکھیں ان سہولتوں کیلئے ترسی رہیں، قائدؒ اور اقبالؒ نے ایسے پاکستان کا خواب نہیں دیکھا تھا اور نہ ہی ایسے ملک کیلئے لاکھوں قربانیاں دی گئیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے شاندار ہسپتال قائم کرکے غریب عوام کی آنکھوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں جنوبی ایشیا کا مایہ ناز گردے اور جگر کا ہسپتال بنایا گیا ہے اور اس کی شاخیں پورے پنجاب میں پھیلا دی ہیں۔ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کا جال بچھا دیا گیا ہے جہاں مریضوں کو مفت علاج اور ادویات مل رہی ہیں۔

ملک کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کو وہی ادویات مل رہی ہیں جو وزیراعظم، وزیراعلیٰ، وزراء، جج، جرنیل اور دیگر اشرافیہ استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ پتھالوجی لیبز بنا دی گئی ہیں اور ہسپتالوں میں قیدیوں کے علاج معالجے کیلئے خصوصی وارڈ بنائے گئے ہیں۔ ہسپتالوں میں غریب آدمی کو معیاری علاج معالجہ اور اعلیٰ معیار کی ادویات بالکل مفت مل رہی ہیں۔

یہی پاکستان کی داستان ہے اور یہی قائدؒ کا پاکستان ہے۔ ہم نے علامہ اقبالؒ کے اس شعر ’’ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز…نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز‘‘ کا عملی نمونہ پنجاب کے ہسپتالوں میں لاگو کیا ہے اور وہاں یہ ماحول پیدا کیا گیا ہے۔ ہر سال ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین مجھے شوباز کہتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ میںسڑکیں اور پل بناتا ہوں او رمجھے تعلیم اور علاج سے کوئی غرض نہیں۔

عمران نیازی دعوے کرتے تھے کہ ہم کے پی کے میں جنگلا بس اور سڑکیں نہیں بنائیں گے بلکہ تعلیم اور صحت کے ادارے بنائیں گے۔ لیکن نیازی صاحب نے کے پی کے میں کوئی اچھی میڈیکل یونیورسٹی، سٹیٹ آف دی آرٹ پتھالوجی لیب اور نیا ہسپتال اور کالج نہیں بنایا۔ پانچویں سال انہیں جنگلا بس کی یاد آئی تو اس منصوبے کے نام پر پشاور شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا۔

نیازی صاحب سے میٹرو بس تو نہیں بنی لیکن انہو ںنے کے پی کے کے عوام کی بس ضرور کرا دی ہے۔ نیازی صاحب مجھے یہ کہتے ہیں کہ آپ نوازشریف سے زیادہ خطرنا ک ہیں۔ ہاں میں اس لئے خطرناک ہوں کہ میں یتیموں، بیوائوں اور عام آدمی کیلئے ہسپتال اور تعلیمی ادارے بناتا ہوں۔ انہیںبہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں اقدامات کرتا ہوں۔ نیازی صاحب میں نے آپ کیلئے پنجاب کے 36 اضلاع میں کوچنگ کا اہتمام کیا ہے۔

آپ یہاں آئیں ہم آپ کو سکھائیں گے کہ ہسپتال، تعلیمی ادارے اور بجلی کے منصوبے کیسے لگائے جاتے ہیں۔کاش نیازی صاحب اس قابل ہوتے کہ وہ کہہ سکتے کہ میں پشاورکو لاہوربناؤں گا لیکن انہوںنے پشاورکو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں اپنے وسائل سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں۔ آج شدید گرمی کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی تو یہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی توانائی بحران کے خاتمے کی جدوجہد کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کے منصوبے پنجاب میں لگائے ہیں لیکن ان کی بجلی سندھ، بلوچستان، کے پی کے اور پورے پاکستان کو جا رہی ہے۔ یہی قومی خدمت ہے۔ اسی طرح قومیں بنتی ہیں۔ اگر ہم اسی ولولے، جذبے، محنت، امانت اور دیانت سے کام کرتے رہے تو انشاء للہ 5 سال بعد پاکستان مودی کے ہندوستان سے آگے نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب آج کل دبئی چلے گئے ہیں۔

دعا ہے کہ وہ جلد واپس آئیں اور انتخابات میں حصہ لیں اور عوام کے استقبال سے محظوظ ہوں۔زرداری صاحب آپ نے سندھ کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور کراچی کو کرچی کرچی کرکے دکھ دیا ہے۔ بھٹو مرحوم کے شہر لاڑکانہ میں اربوں روپے ترقیای منصوبوں پر خرچ کئے گئے لیکن اس شہر کی حالت آج بھی ابتر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ نے یہ پیسہ شہر کی ترقی پر خرچ کرنے کی بجائے اپنی جیب میں ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کے دور حکومت میں سی سی آئی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 700 سو میگاواٹ میں سے 300 میگاواٹ بجلی پنجاب کو ملے گی اور اس کی منظوری اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دی لیکن اس فیصلے پر عمل نہ کیا گیا اور سندھ حکومت ہائی کورٹ سے سٹے آرڈر لے آئی جو ایک غیرقانونی اقدام تھا لیکن ہم نے پنجاب میں اپنے وسائل سے بجلی منصوبے لگائے ہیں جس کی بجلی سندھ سمیت پورے پاکستان کو مل رہی ہے۔ زرداری صاحب ہم آپ کی طرح نہیں سوچتے ہمیں پاکستان کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے باقی سب چیزیں بعد میں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نارووال کے ضلعی ہسپتال کو شاندار ہسپتال بنا دیا گیا ہے اور اس کا موازنہ ترکی اور ملائشیا کے کسی بھی ہسپتال سے کیا جاسکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات