قانونی طور پر نواز شریف چئیرمین نیب کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے

نیب آرڈیننس کا سیکشن 36 چئیرمین نیب کو تحفظ فراہم کرتا ہے، ان کیخلاف کسی قسم کی قانونی کاروائی نہیں کی جا سکتی: وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ

muhammad ali محمد علی جمعہ 25 مئی 2018 19:40

قانونی طور پر نواز شریف چئیرمین نیب کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2018ء) وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر نواز شریف چئیرمین نیب کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل چئیرمین نیب کی جانب سے نواز شریف کیخلاف 4.9 ارب ڈالرز بھارت منی لانڈر کرکے بھیجنے کے الزام کی تحقیقات کرنے کا اعلان کیا تھا۔ نواز شریف پر ایک قومی اخبار میں لکھے گئے کام میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے 4.9 ارب ڈالرز کی رقم منی لانڈرنگ کرکے بھارت بھیجی تھی۔

اس کالم کی اشاعت کے بعد چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا۔ چئیرمین نیب کے اس اعلان کے بعد ن لیگ اور نواز شریف کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا تھا۔ نواز شریف اور ن لیگ نے 4.9 ارب ڈالرز کی رقم منی لانڈرنگ کرکے بھارت بھیجنے کا الزام بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ بعد نواز شریف نے چئیرمین نیب کیخلاف قانونی کاروائی کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

گزشتہ روز نواز شریف نے چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو قانونی نوٹس بھی بھجوا دیا تھا۔ تاہم اب اس حوالے سے نواز شریف کے قریبی ساتھی اور وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔ وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی طور پر نواز شریف چئیرمین نیب کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

انہوں نے نیب آرڈیننس کو مکمل طور پر پڑھا ہے۔ چئیرمین اگر کوئی بھی کام "گڈ فیتھ" کے تحت کرتے ہیں تو اس پر ان کیخلاف کسی قسم کی کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی جا سکتی۔ نیب آرڈیننس کا سیکشن 36 چئیرمین نیب کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ چئیرمین نیب کیخلاف کسی قسم کی قانونی کاروائی نہیں کی جا سکتی۔ وائس چئیرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف نے چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال ریٹائرڈ کو جو نوٹس بھیجا ہے اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔