جو پندرہ سو دنوں میں کچھ نہیں کر سکے 100 دن میں کیا کرینگی ، جو دوسرے کوعزت نہ دے وہ ووٹ کو کیا عزت دیگا شاہد خاقان عباسی

گالیاں دینے والے پاکستانی عوام کے نمائندہ نہیں،عوام وفاداریاں بدلنے والے بہروپیوں سے بچیں،(ن) لیگ چھوڑ کر جانیوالوں کو مسترد کرینگے 2013ء میں حکومت ملی تو بہت سے بحرانوں کا سامنا تھا مگر چینلجز کے باوجود 5سالہ دور میں ترقی کا سفر جاری رکھا ، کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر فتح سے ہمکنار ہوں گے ‘وزیر اعظم کا شیخوپورہ میں گیس کی فراہمی کے منصوبے ،کالا شاہ کاکو میں اوور ہیڈ بریج کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

جمعہ 25 مئی 2018 20:16

جو پندرہ سو دنوں میں کچھ نہیں کر سکے 100 دن میں کیا کرینگی ، جو دوسرے کوعزت ..
لاہور /شیخوپورہ /کالا شاہ کاکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو پندرہ سو دنوں میں کچھ نہیں کر سکے وہ 100 دن میں کیا کریں گی ، جو دوسرے کوعزت نہ دے وہ ووٹ کو کیا عزت دے گا ،گالیاں دینے والے پاکستانی عوام کے نمائندہ نہیں،عوام وفاداریاں بدلنے والے بہروپیوں سے بچیں،مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر جانے والوں کو عوام انتخابات میں مسترد کریں گے اور ہم ایک بار پھر کارکردگی کی بنیاد پر فتح سے ہمکنار ہوں گے ، 2013ء میں حکومت ملی تو بہت سے بحرانوں کا سامنا تھا مگر چینلجز کے باوجود 5سالہ دور میں ترقی کا سفر جاری رکھا ،توانائی منصوبوں سے آئندہ 20برسوں تک بجلی کی قلت نہیں ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیخوپورہ میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب اور کالا شاہ کاکو ریلوے کراسنگ پر اوور ہیڈ بریج کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی نے شیخوپورہ میں ترقیاتی کام نہیں کیے۔ہم نے ضلع شیخوپورہ میں 10ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی کام کیے گئے۔

عوام ترقیاتی کاموں کو دیکھ لیں اور انتخابات میں فیصلہ کریں،مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو معاشی طاقت بنا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک جیسا منصوبہ لائی اور فاٹا کا دیرینہ مسئلہ بھی حل کر دیا۔عوام بہروپیوں اور وفاداریاں تبدیل کرنے والے سے بچیں کیونکہ جو پارٹی کا وفادار نہیں ہوسکتا وہ ملک کا بھی وفادار نہیں، مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر جانے والوں کو عوام مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں پنجاب سمیت پورے ملک میں گیس کا بحران تھا، مگر چینلجز کے باوجود 5سالہ دور میں ترقی کا سفر جاری رکھا ،توانائی منصوبوں سے آئندہ 20برسوں تک بجلی کی قلت نہیں ہوگی ۔ آج ملک میں وافر گیس موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی عوام کو مشکلات ہوئی اسے مسلم لیگ (ن) نے ہی حل کیا۔ آج اگر ہم ایٹمی پروگرام پر ناز کرتے ہیں تو شاید بھول گئے ہیں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانیوالا بھی نواز شریف تھا۔

نواز شریف نے جس جذبے سے عوام کی خدمت کی، عوام جولائی میں اسی جذبے سے ووٹ دیں۔کیونکہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کوئی جماعت ووٹ کی حقدار نہیں، اگلی حکومت بھی (ن) لیگ ہوگی اور عوام ہم پر ایک بار پھر اعتماد کریں گے، اگلاوزیراعظم اوروزیراعلی پنجاب بھی مسلم لیگ (ن) کا ہوگا ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے، جو 1500دن میں کام نہیں کر سکے وہ آج 100دن کا منصوبہ دے رہے ہیں۔

یہ سب کام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرچکی ہے اب کسی اور کو یہ کام کرنے کی ضرورت نہیں، ہماری حکومت نے پانچ سال میں جو ترقیاتی کام کیے وہ پاکستانی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے ہماری حکومت کی کارکردگی جیسی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں گالی کی سیاست کی جا رہی ہے ، الزامات لگانے اورگالیاں دینے والے پاکستان کی سیاست کی نمائندگی نہیں کرتے جو لوگ اخلاق سے گری ہوئی باتیں کرتے ہیں وہ عوام کی خدمت نہیں کرسکتے اور جو دوسرے کوعزت نہ دے وہ ووٹ کو کیا عزت دے گا ۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہبازشریف کے ترقیاتی کاموں سے پنجاب میں انقلاب آچکاہے ،دھرے اور نتشار کی سیاست کرنے سے ملک کی خدمت نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 5سالہ دور میں ملکی معاشی شرح ترقی 3سے 6فیصد تک لائی ،کسی بھی حلقہ میں چلے جائیں مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کام نظرآئیں گے ۔مسلم لیگ (ن) نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے ،حکومت کے ترقیاتی کاموں میں موٹرویز ، ہائی ویز توانائی منصوبے شامل ہیں ، موجودہ حکومت نے ریکارڈ مدت میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ،ہر منصوبے سے 10لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی ،2020تک ملک بھر میں موٹر ویز کا جال بچھ چکا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خدمت اور مساوات پرمبنی سیاست پر یقین رکھتی ہے ،عوام کے فیصلے کی ملکی ترقی کاباعث بنیں گے ،جولائی میں عوام نے فیصلہ کرنا ہے ،آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ فتح سے ہمکنا ر ہوگی ۔