وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کالاشاہ کاکو میں ریلوے کراسنگ شاہدرہ پر 6 رویہ اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھ دیا

جمعہ 25 مئی 2018 20:16

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کالاشاہ کاکو میں ریلوے کراسنگ شاہدرہ ..
کالاشاہ کاکو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کالاشاہ کاکو میں امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ شاہدرہ پر 6 رویہ اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب جمعہ کو یہاں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر بھی موجود تھے۔ اوورہیڈ برج شاہدرہ سے شرو ع ہوکر کالاشاہ کاکو انٹرچینج سے جنوب میں 4.4 کلومیٹر کے فاصلہ پر ختم ہو گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ کی لمبائی1.7 کلومیٹر ہے، یہ منصوبہ ریلوے اوور ہیڈ برج، رسائی کے راستوں، سروس روڈ اور پیدل چلنے والوں کیلئے دو کراسنگ برجز پر مشتمل ہے۔ اس پل کی تعمیر سے جی ٹی روڈ (این فائیو) پر شاہدرہ کے قریب امامیہ کالونی کے مقام پر ٹریفک کے بلاتعطل بہائو میں سہولت ہو گی اور رش اور تاخیر سے نجات ملے گی۔ علاوہ ازیں یہ منصوبہ شاہدرہ سے لاہور کی جانب ٹریفک کیلئے متبادل راستہ بھی فراہم کرے گا، تیز اور براہ راست رسائی سے سفر کے وقت اور ایندھن کے خرچ میں بچت ہو گی اور روڈ ٹریفک کے ساتھ ساتھ ریل کی آمدورفت اور روڈ سیفٹی یقینی بنے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر دعا کی بھی گئی۔