پاکستان مسلم لیگ (ن) کارکردگی اور خدمت کی بنیاد پر انتخابات میں جائے گی، عوام پورے جوش و جذبہ سے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں گے، عوام بہروپیوں اور وفاداریاں بدلنے والوں سے بچیں اور الیکشن میں انہیں اس کا جواب دیں، ہم نے پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیئے ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ماناوالہ میں گیس فراہمی منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 25 مئی 2018 20:06

پاکستان مسلم لیگ (ن) کارکردگی اور خدمت کی بنیاد پر انتخابات میں جائے ..
شیخوپورہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کارکردگی اور خدمت کی بنیاد پر انتخابات میں جائے گی، عوام پورے جوش و جذبہ سے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں گے، عوام بہروپیوں اور وفاداریاں بدلنے والوں سے بچیں اور الیکشن میں انہیں اس کا جواب دیں، ہم نے پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیئے ہیں۔

وہ جمعہ کو شیخوپورہ کے علاوہ ماناوالہ میں گیس فراہمی منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر، رکن قومی اسمبلی عرفان ڈوگر اور ارکان اسمبلی کے علاوہ عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شیخوپورہ کے عوام نے جس جوش و خروش سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ہمیشہ کامیاب کیا ہے، وہ جوش آج بھی قائم ہے، دوسرے شہروں اور حلقوں کی طرح جولائی کے عام انتخابات میں ایک بار پھر اس علاقہ کے عوام مسلم لیگ (ن) کو بھرپور طریقہ سے کامیاب کرائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیئے ہیں جس کی مثال اس علاقہ میں گذشتہ 5 سال کے دوران پونے تین ارب روپے کے منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، صرف ضلع شیخوپورہ میں 10 ارب روپے کے ترقیاتی کام کئے گئے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے علاوہ کسی بھی دوسری حکومت نے ضلع شیخوپورہ کی طرف توجہ نہیں دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج آپ کسی بھی حلقہ میں چلے جائیں تو وہاں مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی کام نظر آئیں گے، عوام کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) کو ہی آئندہ الیکشن میں کامیاب کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت آئی تو اس وقت ملک میں گیس نہیں تھی، آج ملک بھر میں 12 ماہ وافر گیس دستیاب ہے، 16 لاکھ نئے کنکشن لگائے گئے ہیں اور تمام کنکشن میرٹ پر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فرق ہے نواز شریف کی سوچ اور ان لوگوں کی سوچ میں جو آج دعوے کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال میں جو کام کئے ان کی 65 سالوں میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سڑکوں اور موٹرویز کا جال بچھایا گیا ہے، بجلی کے کارخانے لگائے گئے ہیں، ہوائی اڈے اور بندرگاہیں تعمیر کی گئی ہیں، سی پیک کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جو ملکی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا میں 70 سال پرانا نظام رائج تھا جسے تبدیل کیا گیا ہے، آج وہاں کے لوگ بتا رہے تھے کہ ملک کے باقی حصوں کے لوگوں کو 1947ء میں آزادی ملی تھی اور ہمیں 2018ء میں نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو 1500 دن میں کام نہیں کر سکے وہ آج 100 دن کا پلان دے رہے ہیں، وہ جو کام کرنے کے وعدے کر رہے ہیں مسلم لیگ (ن) وہ کر چکی ہے، ہم نے 5 سال عوام کی خدمت کی ہے، عوام بہروپیوں اور وفاداریاں بدلنے والوں سے بچیں، ہوا کا رخ دیکھ کر بدلنے والے عوام کی خدمت نہیں کر سکتے، جو جماعت کا وفادار نہیں وہ عوام کا وفادار بھی نہیں ہو سکتا، عوام ان کا فیصلہ جولائی کے عام انتخابات میں اپنے ووٹ سے کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنی خدمت کی بنیاد پر عوام میں جائیں گے، پورا یقین ہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح شیخوپورہ، ماناوالہ سے بھی مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو گی، مسلم لیگ (ن) سے زیادہ عوام کے ووٹ کی بہتر حقدار اور کوئی جماعت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام کی خدمت کی اور ان کے مسائل حل کئے، پاکستان کو دنیا میں عزت اور قوت دی، 20 سال قبل پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے بھی محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) تھی، عوام بخوبی جانتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کو معاشی طاقت بنا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ (ن) کا ہو گا، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جس جذبہ سے خدمت کی ہے عوام اسی جذبہ کے ساتھ باہر نکل کر بتائیں گے کہ قومی اور صوبائی سطح پر اگلا الیکشن بھی نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے ماناوالہ کو تحصیل کا درجہ دینے، سٹیڈیم کی تعمیر، علاقہ میں گیس کی فراہمی اور شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں کے اعلانات کئے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر رانا تنویر کو اگلے ہفتہ علاقہ میں گیس کے ایک اور منصوبہ کے افتتاح کی ہدایت کی اور کہا کہ سیاست میں رانا تنویر کی کامیابی کی وجہ ہر طرح کے حالات میں جماعت سے ان کی وفاداری ہے، وہی سیاست کامیاب ہوتی ہے جو حلقہ کے عوام اور ملک کی خدمت پر مبنی ہو۔