Live Updates

عمران خان نیازی کہتے ہیں میں خطرناک آدمی ہوں مگر میں ایسا خطرناک ہوں غریب عوام کیلئے ہسپتال بناتا ہوں‘شہباز شریف

صوبہ بھر کے تمام ضلعی ہسپتالوں کو جدید طبی سہولتوں سے آراستہ کردیا ہے،ڈی ایچ کیو ہسپتال نارروال بھی بلاشبہ اپنی مثال آپ ہے جہاں پر جدید ٹیکنالوجی، ماڈرن مشینری کے علاوہ ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف کی کارکردگی قابل رشک ہے ‘میڈیا سے گفتگو وزیر اعلیٰ پنجاب کی شہید لانس نائیک شاہد منہاس کے گھر آمد ، فاتحہ خوانی ،25لاکھ روپے کا امدادی چیک ورثاء کو پیش کیا

جمعہ 25 مئی 2018 17:49

عمران خان نیازی کہتے ہیں میں خطرناک آدمی ہوں مگر میں ایسا خطرناک ہوں ..
نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام ضلعی ہسپتالوں کو جدید طبی سہولتوں سے آراستہ کردیا ہے،ڈی ایچ کیو ہسپتال نارروال بھی بلاشبہ اپنی مثال آپ ہے جہاں پر جدید ٹیکنالوجی، ماڈرن مشینری کے علاوہ ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف کی کارکردگی قابل رشک ہے ،مجھے جہلم، چکول، لیہ ، وہاڑی، ننکانہ اوکاڑہ کے علاوہ پنجاب کے درجنوں ہسپتالوں میں جانے کا اتفاق ہوا ہے لیکن ڈی ایچ کیو نارووال ہسپتال میں جدید ترین طبی سہولیات کے حوالے سے انقلاب برپا ہوچکا ہے ، اب یہ ہسپتال 300بیڈ ز پر مشتمل ہے جہاں پر لاکھوں روپے کے قیمتی آٹو میٹک بیڈز کے علاوہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیلیسسز سنٹر پوری طرح فعال ہوچکا ہے اور یہاں امیر غریب کی تفریق کے بغیر طبی معائنہ سے لیکر لاکھوں روپوں کی ادویات کی مفت فراہمی جاری ہے اوریہاں کے ائیر کنڈیشنڈ ماحول سے یہ پاکستان کا نہیں بلکہ یورپ کا کوئی جدید ہسپتال لگتا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ نارروال کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی ری ویمپنگ اورسیالکوٹ اور نارووال کو موبائل ہیلتھ یونٹس کی فراہمی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت پنجاب علی جان ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) محمد آصف، آر پی او راجہ رفعت مختار ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید، ڈپٹی کمشنر نارروال علی عنان قمر، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ محمد وسیم بٹ، اراکین صوبائی اسمبلی مولانا غیاث الدین ، رمیش سنگھ اروڑااور چیئرمین ضلعی کونسل احمد اقبال بھی موجود تھے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان نیازی کہتے ہیں کہ میں خطرناک آدمی ہوں ، میں بھی بڑا خطرناک ہوں مگر میں ایسا خطرناک ہوں کہ میں غریب عوام ، بیوگان ،بچوں اوربیمار وں کیلئے ہسپتال بناتا ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ اب ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 24گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت فراہم کردی گئی ہے اب سی ٹی سکین کی رپورٹ بذریعہ انٹرنیٹ ریڈیالوجسٹ کو اپ لوڈ کی جاسکے گی جسے پڑھ کرریڈلوجسٹ اپنی فائنل رپورٹ جاری کرسکے گا۔

قبل ازیں یہ یونٹ 2بجے بند کردیا جاتا تھا جبکہ یہ سہولت عوام کیلئے 24گھنٹے بلا تعطل دستیاب ہوگئی ہے جس کی بدولت ہسپتال ملازمین اور نجی لیبارٹریز مالکان کے درمیان ناپاک ملی بھگت کا خاتمہ ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نارروال کا ہسپتال ترکی اور ملائیشیا کے کسی بھی ہسپتال کے معیار سے کسی بھی حوالے سے کم نہیں ۔ ہم نے پنجاب بھر میں غریب آدمی کیلئے صحت عامہ کے میدان میںایک نئی دنیا بسا دی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ قائد اعظم نے پاکستان اس لئے نہیں بنایا تھا کہ امیر آدمی تودنیا بھر میں جہاں چاہے مہنگے سے مہنگا علاج کروا سکے اور غریب آدمی علاج معالجے کیلئے سسکتا رہے اب وہ وقت چلے گئے ہم نی70سال پرانے نظام کو دفن کردیا ہے۔ اب بلا تفریق وسطی و جنوبی پنجاب صوبہ بھرکے تمام ضلعی و دیہی ہسپتالوں میں میں یکساں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اب ہر سال اربوں روپے صحت عامہ کے میدان میں عام آدمی پر خرچ ہورہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاہمارے مخالفین کہتے ہیں کہ خادم اعلیٰ پنجاب صرف سڑکیں اور فلائی اوورز بناتا ہے، اسے تعلیم اور صحت سے کیا غرض۔میں نیازی کو یہ باور کروانا چاہتا ہوں کہ آپ نے کے پی کے میں عالمی سطح کاا یک بھی ہسپتال، ایک بھی یونیورسٹی، فرانزک لیب، پیتھالوجی لیب اور میڈیکل یونیورسٹی نہیں بنوائی اور اب پانچ سال گذرنے کے بعد آپ کو جنگلا بس یاد آگئی ۔

مگر نیازی صاحب آپ نے پشاور کی عوام کی بس کرادی ہے آپ نے کے پی کے کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے ۔ ادھر جناب آصف زرداری صاحب نے سندھ کا بیڑا غرق کردیا ہے اور کراچی کو کرچی کرچی کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب نے 2012میں معاہدے کے باوجودپنجاب کو 300میگا واٹ بجلی فراہم نہیں کی گئی تھی مگرحکومت پنجاب نے اپنے پیسوں سے لگائے گئے گیس پاور پلانٹس سی5ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرکے پورے ملک کو بجلی فراہم کی ہے۔

یہ ہے اصل پاکستانیت ،اور یہ ہے قائد اور اقبال کا پاکستان۔ انہوں نے کہاکہ آج کئی سو ارب روپے کی سرمایہ کاری سے ہزاروں میگا واٹس بجلی پیدا کی جاری ہے جس کی وجہ سے آج یہاںچلچلاتی دھوپ میں بھی بجلی آرہی ہے اور یہ سب اللہ تعالیٰ کی مدد سے ممکن ہوسکا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کے خون پسینے کی کمائی کی بدولت حکومت پنجاب زراعت، انرجی، انفراسٹریکچر اور صنعت و حرفت کی ترقی کیلئے لاتعداد تاریخ ساز ترقیاتی منصوبہ جات کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال نارروال کی ری ویمپنگ کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میںپوچھ گچھ کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے سیالکوٹ اور نارروال کے اضلاع کو فراہم کئے جانے والے موبائل ہیلتھ یونٹس کی چابیاں ضلعی انتظامیہ کے سپرد کیں۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے موضع پھگواڑی تحصیل شکر گڑھ کے رہائشی لانس نائیک شاہد منہاس کے گھربھی گئے اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور 25لاکھ روپے کا امدادی چیک ورثاء کو پیش کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات