Live Updates

کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جو برا حال کررکھا ہے، جلد یا بدیر اسے اس کا حساب دینا ہوگا، خرم شیر زمان

جمعہ 25 مئی 2018 17:34

کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جو برا حال کررکھا ہے، جلد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جو برا حال کررکھا ہے، جلد یا بدیر اسے اس کا حساب دینا ہوگا۔ موجودہ حکومت نے تو اپنے کان بند کررکھے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف جلد عوام کے ووٹوں کے بل پر اوپر آکر کے الیکٹرک کا احتساب کرے گی۔

انہوں نے یہ باتیںپارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے جو پاکستان کو سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے اور پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں کے لوگ پاکستان کے اہم ترین لوگ ہیں۔ ان کے ساتھ یہ ظلم و زیادتی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔

کراچی کوئی لاوارث شہر نہیں ہے۔ اگر حکومت کے الیکٹرک کو قابو میں نہیں کرسکتی تو بجلی کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے کرکسی اور ادارے کے حوالے کردے۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ کے الیکٹرک نے کس بنیاد پر عوام کو بے وقوف بنا کر لوڈ شیڈنگ جوں کی توں جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہیں جو مسئلہ تھا، وہ حل کردیا گیا، اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا جن قابو میں نہیں آیا اور نہ ہی مستقبل قریب میں اس کے کوئی امکانات نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی موجودہ انتظامیہ مکمل طور پر نااہل اور بدعنوان ہے جس کا احتساب ہونا چاہئے اور اسے عوام کے سوالوں کا ہر صورت جواب دینا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات