اسفندیارولی خان کی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم ہونے پر قوم کو مبارکباد

فاٹا کا انضمام ملکی سلامتی اور مضبوطی کا ضامن ہوگا، فاٹا کے عوام نے بہت تکالیف اور نقصانات اٹھائے ، اب وقت آگیا ہے کہ ان کے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ترقی کا عمل شروع کیا جاسکے،اسفندیارولی خان کا بیان

جمعہ 25 مئی 2018 17:44

اسفندیارولی خان کی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم ہونے پر قوم کو مبارکباد
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم ہونے پر ساری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ قومی اسمبلی سے 31ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اپنے بیان میں اے این پی کے مرکزی صدر نے آج کے دن کو تاریخی قراردیتے ہوئے ممبران قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کا انضمام ملکی سلامتی اور مضبوطی کا ضامن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا کے عوام نے بہت تکالیف اور نقصانات اٹھائے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ان کے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ترقی کا عمل شروع کیا جاسکے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن وسکون کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں۔اسفندیارولی خان نے کہا کہ اس تاریخی مرحلے کیلئے ہمارے مشران نے سختیاں جھیلیں ہیں، تکالیف اٹھائے ہیں، مسلسل جدوجہد کی ہے۔ آج کا دن ساری دنیا میں بسنے والے پختونوں کیلئے خوش بختی کا دن ہے اور اسی لئے تمام پختونوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ ہر آنے والا دن پختونوں کیلئے امن، سکون، ترقی اور خوشحالی کا باعث ہو۔