کراچی ، 20سے زائد تجارتی مراکز عید کی خریداری کیلئے کل سے افطار کے بعد مکمل طور پر کھلنا شروع ہوجائینگے

جمعہ 25 مئی 2018 17:14

کراچی ، 20سے زائد تجارتی مراکز عید کی خریداری کیلئے کل سے افطار کے بعد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) عروس البلاد کراچی کی راتیںآج بروز ہفتہ سے جگمگانے لگیں گی، شہر کے 20سے زائد تجارتی مراکز عید کی خریداری کیلئے آج سے افطار کے بعد مکمل طور پر کھلنا شروع ہوجائینگے، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مارکیٹیں سحری تک بلاناغہ کھلی رہیں گی، حالات سازگار رہے تو رواں سال عید سیزن پر 60ارب روپے سے زائد خریداری متوقع ہے، دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل اسلامی دنیا کے میگا سٹی کراچی کی رونقیں اپنی مثال آپ ہیں، یہ اعلان آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے آج شہر میں عید کی روائتی سیل کے حوالے سے معروف تجارتی مراکز کے ذمے داران سے رابطے کے بعد پریس و میڈیا کو جاری کیئے گئے ایک بیان میں کیا، انھوں نے کہا کہ 10ویں روزے سے صدر، حیدری، طارق روڈ، بہادر آباد، کلفٹن، ڈیفنس، زمزمہ، جامع کلاتھ،جوبلی، نرسری، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ، گل پلازہ، حسن اسکوائر، گلشنِ اقبال، موتن داس مارکیٹ، لانڈھی، ملیر، گلستانِ جوہر اور دیگر علاقوں کی مارکیٹوں میں افطار کے بعد رمضان المبارک کی روائتی خریداری مکمل طور پر شروع ہوجائیگی اور شہریوں کو عید کی خریداری اور تفریح کے بھرپور مواقع میّسر آئینگے، انھوں نے کہا کہ تجارتی مراکز میں نظم و نسق اور کاروباری سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری رکھنے کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی، پتھاروں اور تجاوزات کی روک تھام، ڈاکوئوں، لٹیروں، چوروں اور جیب کتروں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مئوثر کارکردگی، ٹریفک کی روانی اور پارکنگ کی سہولت کے تحت مئوثر پلاننگ کی اشد ضرورت ہے، انھوں نے اسٹیٹ بنک کے ذمے داران سے بھی درخواست کی ہے کہ عید الفطر تک بینکوں کی ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات ختم اور ATMمشینوں کی کارکردگی پر خصوصی نظر رکھی جائے، عتیق میر نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی بدترین صورتحال اور مارکیٹوں میں رش کے پیش نظر رمضان المبارک کے آخری عشرے کے بجائے دوسرے عشرے میں ہی عید کی خریداری مکمل کرلی جائے، انھوں نے تاجر برادری کے جذبے کو مستحسن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور خریداروں کی سہولت کیلئے رمضان المبارک میں رات میں کاروبار اور عوام کی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے تاجر برادری پُرعزم ہے اب حکومتِ سندھ اور انتظامیہ کی ذمے داری ہے کہ وہ شہر میں امن و امان کے قیام اور انتظامی معاملات میں بہتری کیلئے بھرپور، ٹھوس اور مئوثر اقدامات کرے، انھوں نے تاجر برادری سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خریداروں کی خوشیوں اور سہولتوں کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے اور مہنگائی سے متاثرہ اور قوتِ خرید سے محروم عوام کیلئے مصنوعات کی قیمتوں میں خصوصی رعایتوں کا اعلان کیا جائے اور اپنے مسلمان بہن بھائیوں اور ان کے بچوں کو عید الفطر کی خوشیاں منانے کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔