اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہوگا،وزیراعظم

100دن کا پروگرام دینے والو! یہ کام ن لیگ کرچکی ہے،جو ہوا کا رخ دیکھ کربدل جائےوہ عوام کی خدمت نہیں کرسکتے، عوام آئندہ وفاداری بدلنے والوں سے بچیں ، جو دوسروں کی عزت نہ کرے ووٹ کی عزت کیا کرے گا، وزیراعظم شاہد خاقان کا شیخوپورہ میں عوامی جلسہ سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 25 مئی 2018 16:35

اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہوگا،وزیراعظم
شیخوپورہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25مئی 2018ء) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہوگا، 100دن کا پروگرام دینے والو! یہ کام ن لیگ کرچکی ہے،جو ہوا کا رخ دیکھ کربدل جائے وہ عوام کی خدمت نہیں کرسکتے،عوام بہروپیوں اور وفاداری بدلنے والوں سے بچیں ،جو دوسروں کی عزت نہیں کرتا وہ ووٹ کی عزت کیسے کرے گا۔

انہوں نے آج شیخوپورہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت اور نوازشریف واحد قیادت ہے جوپاکستان کو معاشی ترقی دے سکتی ہے۔آج گھر گھر میں بجلی ہے،دہشتگردی کا خاتمہ کردیا ہے۔ ماضی میں گھروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ۔کنکشن نہیں ملتے تھے۔ لیکن اب کنکشن بھی لگ رہے ہیں گھروں میں گیس بھی دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

یہ نوازشریف اور دعوے کرنے والوں کی سوچ میں فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعتیں بدلنے والے اپنی خدمت کرسکتے ہیں عوام کی خدمت نہیں کرسکتے۔جوکہتا میں جماعت بدل کرخدمت کروں گا اس کوجواب الیکشن میں دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے 35سال سیاست میں ہونے کو ہیں ان کی کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے اپنی جماعت سے وفاداری کی ہے۔جوذراسا بھی ہوا کا رخ دیکھ کربدل جائے وہ عوام کی خدمت نہیں کرسکتے۔ جو جماعت کا وفادار نہیں وہ عوام کا وفادار بھی نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن نے جوترقیاتی کام ان پانچ سالوں میں کیے ہیں اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتے۔آج پاکستان میں سی پیک کولایا گیا۔ ہوائی اڈے بنائے گئے، سڑکوں کا جال بنایا گیا،یہ سب ن لیگ کے کام ہیں۔کل فاٹا میں ستر سالہ پرانا نظام ، وہاں کے لوگ محکوم تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کاآزادی 1947ء جبکہ ہمیں کل 2018ء میں ملی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ یہ کام صرف نوازشریف نے ہی کیے ہیں۔

مسلم لیگ ن ہی پاکستان کومعاشی ترقی دے سکتی ہے۔معاشی طاقت بنا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اخباروں میں پڑھا ہوگا کہ کچھ لوگ 100دن کا پروگرام دینے کی بات کررہے ہیں۔ ان کو یہ معلوم نہیں یہ وہ کام ہیں جو ن لیگ کرچکی ہے۔100دنوں والوں کی حقیقت عوام جانتی ہے۔پاکستان میں کہیں بھی جائیں کام ن لیگ کے ہی نظر آئیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان نے کہاکہ بہروپیوں اور وفاداری بدلنے والوں سے بچیں ۔

ہماری سیاست وفاداری اور عزت کی سیاست ہے۔ اخلاق سے گری باتیں کرنے والے پاکستان کی سیاست نہیں کرسکتے۔جو دوسروں کی عزت نہیں کرتا وہ ووٹ کی عزت کیسے کرے گا۔اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آج ہم اگر ایٹمی طاقت پرناز کرتے ہیں توہم بھول گئے ہیں کہ آج سے 20سال پہلے نوازشریف ہی تھے جنہوں نے پاکستان کوایٹمی طاقت بنایا۔