فاٹاکے خیبرپختونخوا میں انضمام سے پاکستان مکمل ہو گیا ‘سینیٹر پروفیسر ساجد میر

فاٹا کا صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام خوش آئند ،حکومت کا فیصلہ تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے

جمعہ 25 مئی 2018 16:56

فاٹاکے خیبرپختونخوا میں انضمام سے پاکستان مکمل ہو گیا ‘سینیٹر پروفیسر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) امیرمرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ونائب صدر ایم ایم اے سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ فاٹا کا صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام خوش آئند ہے۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے کے پی کے اور فاٹا میں قیام امن کی بھی راہ ہموا ہو گی۔

پاکستانی علاقوں کو نظریاتی اور جغرافیائی طور پر زیادہ دیر تک تقسیم نہیں رکھاجا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرکے قبائلی عوام کے دل جیت لئے ہیں، اس پرمسرت موقع پر میں فاٹا کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، فاٹا انضمام سے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھ جائے گا جس سے فاٹا کے عوام کو اعلیٰ عدالتوں تک رسائی ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

حکومت کا یہ فیصلہ تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ یہ فیصلہ بہت پہلے ہی ہو جانا چاہئے تھا۔ یہ اقدام قبائلی عوام کے دل کی آواز ہے۔ اس فیصلے کے دوررس نتائج برآمد ہونگے۔ حکومت کا یہ اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اس سے فاٹا کے عوام کو ان کے جائز حقوق مل سکیں گے۔ پاکستان کی حکومت کو براہ راست عملداری میں آنے کے بعد فاٹا قبائل اب قابل فخر پاکستانی بھی کہلائیں گے۔

فاٹا انضمام سے ہر پاکستانی خوش ہوا ہے انہیں قیام پاکستان کے بعد آج شناخت مل گئی ہے۔ حکومت نے یہ اقدام اٹھا کر 20 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ آج پاکستان مکمل ہو گیا ہے۔ تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین اور ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے قبائلی عوام کو ملک کے باقی عوام کے برابر لاکھڑا کیا ہے۔ ملک دشمن عناصر کی چال بازیوں کا سدباب کرنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ہم نے اپنے فیصلے بھارت اور افغانستان کو دیکھ کر نہیں اپنے مفادات کی بنیاد پر کرنے ہیں ۔