لاہور سینٹرل جیل میں قید بھارتی شہری کی 36 سال بعد شہریت کی تصدیق

گجنندشرما بھارتی شہر جے پورکا رہائشی ہے جو 1982ء میں لاپتہ ہوگیا تھا،اہلخانہ کو تلاش کر لیا ‘بھارتی حکام بھارت کی طرف سے شہریت کی باقاعدہ تصدیق کی دستاویزات موصول ہونے کے بعد رہائی بارے اقدامات شروع کیے جائینگے‘وزارت داخلہ

جمعہ 25 مئی 2018 14:42

لاہور سینٹرل جیل میں قید بھارتی شہری کی 36 سال بعد شہریت کی تصدیق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) سینٹرل جیل میں قید بھارتی شہری کی 36 سال بعد شہریت کی تصدیق ہوگئی ،گجنندشرما بھارتی شہر جے پورکا رہائشی ہے جو 1982ء میں لاپتہ ہوگیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہورکی سینٹرل جیل میں قیدبھارتی شہری گجنندشرما کی شہریت کی تصدیق کے لیے متعددبار بھارتی حکام کو خطوط لکھے گئے۔آخری بار 4 فروری کو گجنندشرما کی شہریت کے تصدیق کے لیے لکھے گئے خط پر موثرکارروائی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکام کی طرف سے پاکستانی حکام کوبتایا گیا ہے کہ گجنند شرما 1982ء میں جے پور میں لاپتہ ہوا تھا، گجنند شرما کی بیوی لاکھنی دیوی اور دو بیٹوں راکیش اورمکیش کوتلاش کرلیا گیا ہے، لاکھنی دیوی اوران کے بیٹوں نے پاکستان کی طرف سے بھیجی گئی گجنند شرما کی تصویردیکھ کراسے پہچان لیا ہے، ان کے مطابق وہ کئی برسوں تک گجنند شرما کی تلاش کرتے رہے اوربالآخر ان کی امید ختم ہوگئی تھی تاہم گجنند شرما کے زندہ ہونے کی خبرملنے کے بعد ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا۔پاکستانی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی بھارت کی طرف سے گجنند شرما کی شہریت کی باقاعدہ تصدیق کی دستاویزات موصول ہوں گی اسکی رہائی کے بارے میں اقدامات شروع کیے جائیں گے۔