فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کیلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 27 مئی کو طلب

اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) کی فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کی مخالفت ،ْ صوبائی اسمبلی کے گھیرائو کا اعلان

جمعہ 25 مئی 2018 13:36

فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کیلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 27 مئی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 27 مئی کو طلب کرلیا گیا۔ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق بل کے قومی اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد اس حوالے سے صوبائی اسمبلی نے بھی اجلاس اتوار دوپہر 2 بجے طلب کرلیا۔دوسری جانب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کی مخالفت کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کا احتجاج غیر ضروری ہے اسے شکست تسلیم کرلینی چاہیے۔ فاٹا اصلاحات بل کے مطابق فاٹا سے انگریز دور کا رائج نظام فرنٹیئر کرائمز ریگولیشن (ایف سی آر) کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا اور صوبائی حکومت کی عملداری سے صدر اور گورنر کے خصوصی اختیارات بھی ختم ہوجائیں گے ،ْبل کے مطابق سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھایا جائے گا جبکہ پاٹا اور فاٹا میں 5 سال کے لیے ٹیکس استثنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

این ایف سی ایوارڈ کے تحت فاٹا کو 24 ارب روپے کے ساتھ 100 ارب روپے اضافی ملیں گے اور 10 سال کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا خصوصی فنڈ ملے گا جو کسی اور جگہ استعمال نہیں ہو سکے گا۔