سانگھڑ میں تیل و گیس کمپنیوں کی طرف سے سماجی ذمہ داری کی مد میں دیا گیا پیسا متعلقہ ایم این اے کو دے دیا جائے گا

وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کا قومی اسمبی اجلاس میں توجہ مبذول نوٹس پر اظہار خیال

جمعہ 25 مئی 2018 12:44

سانگھڑ میں تیل و گیس کمپنیوں کی طرف سے سماجی ذمہ داری کی مد میں دیا گیا ..
اسلام آباد۔ 25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ تیل و گیس کمپنیاں سماجی ذمہ داری کے تحت تیل و گیس کی تلاش والے علاقوں میں فلاحی کام کرتی ہیں اور مقامی افراد کو ملازمتیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں ضلع سانگھڑ میں تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے فلاحی کاموں اور ملازمتوں کے حوالے سے جمال الدین کے توجہ مبذول نوٹس پر وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پٹرولیم کمپنیاں جس علاقے میں کام کرتی ہیں وہاں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت کام کرتی ہیں اور مقامی لوگوں کو روزگار بھی فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام فنڈز متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو دیئے جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایک کمیٹی ہوتی ہے‘ کمیٹی میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی مشاورت سے ترقیاتی کاموں کے فیصلے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانگھڑ میں کمپنیوں کی جانب سے اس مد میں جتنا پیسہ دیا گیا ہے وہ متعلقہ ایم این اے کو دے دیا جائے گا۔ ملازمتیں بھی دی گئی ہیں۔

سید جمال الدین نے کہا کہ سانگھڑ کے وفد کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت کام کریں اور ملازمتیں مقامی افراد کو دی جائیں۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ملازمتوں کے حوالے سے کمپنی کی اپنی پالیسی ہوتی ہے جس کو فالو کیا جاتا ہے تاہم چھوٹے درجے کی ملازمتوں میں مقامی افراد کا خیال رکھا جاتا ہے۔ نعیمہ کشور خان نے کہا کہ متعلقہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کو فراہم کردہ فنڈز کے بارے میں بتایا جائے جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ایشوز ہیں‘ آسامیاں کم اور بیروزگاری زیادہ ہے۔