’’عادی مجرم ‘‘میجر گگوئی کی گرفتاری کیلئے پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 25 مئی 2018 12:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںانٹرنیشنل فورم فار جسٹس نے ایک کشمیری نوجوان فاروق احمدڈار کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے میں ملوث بھارتی فوجی میجر لتل گگوئی کی گرفتاری کیلئے پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس میجر گگوئی کی طرف سے فاروق احمد ڈار کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے کے اعتراف کے بعد بھی اس مقدمے کی تحقیقات کررہی ہے ۔

اس موقع پر میجر کے ہاتھوں انسانی ڈھال بننے والے فاروق احمدڈاراور میجر کی سربراہی میں 53راشٹریہ رائفلز کے اہلکاروں کے ہاتھوں شہیدہونیوالے معذور کشمیری نوجوان تنویر احمد وانی کے والد محمد ابراہیم وانی بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

فاروق ڈار نے کہاکہ میجر ل گگوئی کے خلاف انسانی حقوق کمیشن اور کشمیر ہائی کورٹ میں مجموعی طورپر5عرضداشتیں دائر کی گئی ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اگرچہ بھارتی میجر کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے تاہم وہ اب بھی آزاد گھوم رہا ہے ۔انہوںنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے،جن پر’’عادی مجرم کو گرفتار کرو‘‘ کے نعرے درج تھے۔ احسن اونتو نے کہاکہ انسانی حقو ق کمیشن کے واضح احکامات کے باوجود پولیس میجر گگوئی کوگرفتارنہیں کررہی ہے ۔ ابراہیم وانی نے کہاکہ میجر گگوئی نے فوجی اہلکاروں کو ان کے بیٹے کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں انہوںنے ایک مقدمہ بھی درج کرایاتھا تاہم فوجی میجر آزاد گھوم رہا ہے اور اسکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ ادھر نامزد مفتی اعظم ناصر الاسلام نے سرینگر میں ایک بیان میں میجر گگوئی کو پھانسی پر چڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔