ایران نواز حوثیوں کا نجران پر داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا ہی تباہ کر دیا گیا

سعودی ائر ڈیفنس نے ایک مرتبہ پھر نجران کو بڑی آزمائش سے بچا لیا،ترجمان عرب اتحاد کی گفتگو

جمعہ 25 مئی 2018 12:10

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) یمن کی آئینی حکومت کو تحفظ فراہم کرنے والی اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ اتحاد کے ائر ڈیفنس یونٹس نے جمعہ کی شب بارہ بج کر 39منٹ پر یمن کی عمران گورنری سے سعودی عرب پر داغا جانے والا بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا۔ ترجمان کے مطابق مار گرایا جانے والا میزائل ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے باغیوں نے داغا تھا۔

انھوں نے کہا کہ میزائل کا رخ نجران کی طرف تھا اور اسے جان بوجھ کر ایسی سمت فائر کیا گیا جہاں کثیف آبادی والے علاقے واقع ہیں، تاہم شاہی فوج کے ائر ڈیفنس یونٹ نے اسے فضا ہی میں آ لیا۔ بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کی کارروائی کے نتیجے میں اس کے چند ٹکڑے رہائشی علاقہ میں گرے، تاہم ان سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ایران نواز حوثی دہشت گردوں کی مجرمانہ کارروائی سے ثابت ہوتا ہے کہ تہران ان ملیشاوں کو آئے روز ایسا نت نئی اسلحہ فراہم کرتا ہے جو اقوام متحدہ کی قرارداد 2216 اور 2231 کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس کا مقصد سعودی عرب سمیت علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال کو خطرے سے دوچار کرنا ہے۔

آبادی والے علاقوں پر بیلسٹک میزائل داغے جانے کا عمل بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی شمار کیا جاتا ہے۔