Live Updates

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا تنخواہ کا دعویٰ

معروف صحافی نے عمران خان اور پی ٹی آئی اراکین کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 25 مئی 2018 11:29

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا  تنخواہ کا دعویٰ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی رﺅف کلاسرا نے کہا کہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کے حامی بہت حساس ہیں ،اس ملک میں سب کو پتہ چل گیا ہے کہ اگر غیر اخلاقی حرکتیں کرتے جائیں تو کوئی نہیں پوچھتا۔ عمران خان نے قومی اسمبلی سے تنخواہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔ کوئی جا کر خان صاحب سے پوچھے کہ انہوں نے کس مورل گراﺅنڈ ، کس اخلاقی جرأت کے تحت اپنی تنخواہ کا دعویٰ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے سوال اُٹھانے پر اس کے بعد ہمیں کل فواد چودھری صاحب کی ایک رپیس ریلیز آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حامی یہی جواز دیں گے کہ عمران خان صاحب دو سال تک پارلیمنٹ میں نہیں گئے،نہ انہوں نے سیشن الاﺅنسز لیے ہیں، نہ انہوں نے تنخواہ لی ہے ، نہ انہو ں نے کوئی مراعات لی ہیں۔

(جاری ہے)

میں کہتا ہوں کہ اگر عمران خان نے یہ سب کچھ لیا ہے تو میرا خیال ہے کہ وہ معاشرے میں غلط مثالیں قائم کر رہے ہیں ، ابھی کچھ دیر کے بعد ان کےحامی ٹویٹر پر بیان بازی شروع کر دیں گے۔

اگر آپ کے گھر میں آپ کا ملازم ، مالی کا باورچی دو سال کے لیے نہ آئے تو کیا آپ ان کو تنخواہ دیں گے؟ آپ میں سے کتنے لوگ ہیں جو دو سال غیر حاضر رہنے کے باوجود بھی اپنے ملازمین کو تنخواہ دیں گے؟ جو چیزیں آپ اپنے گھر کے لیے نہیں پسند کرتے وہ آپ ملک کے لیے کیسے پسند کر سکتے ہیں؟ کل قومی اسمبلی میں جعلی حاضریاں لگائی گئیں یہ ہمارے نمائندوں کی اخلاقیات ہیں کہ انہوں نے جعلی حاضریاں لگانی شروع کر دی ہیں، تمام اراکین اسمبلی میں سے صرف یوسف تالپور نے جعلی غیر حاضریوں کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ، لیکن باقی سب اخلاقی طور پر بہت نیچے چلے گئے ہیں، پی ٹی آئی کو چاہئیے تھا کہ یہ معاملہ وہ خود اُٹھاتے کیونکہ وہ اپوزیشن میں تھے لیکن انہوں نے بھی ایسا نہیں کیا۔

انہیں چاہئیے تھا کہ مطالبہ کرتے اور کہتے کہ ہمیں بتایا جائے کہ کن لوگوں نے جعلی حاضریاں لگا کر مراعات یا الاؤنسز لیے ہیں لیکن اللہ کے فضل سے یہ لوگ ایک دوسرے کو طعنے دینے کے بھی لائق نہیں رہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات