سعودی عرب پر میزائل حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

سعودی فورسز نے میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 25 مئی 2018 11:21

سعودی عرب پر میزائل حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2018ء) : سعودی عرب میں ایک مرتبہ پھر میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں یمن سے ایک میزائل داغا گیا، لیکن سعودی سکیورٹی فورسز نے یمن سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔ میزائل حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کی فضائی ڈیفنس فورس نے گزشتہ روز بھی یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل سرحدی شہر جازان میں مار گرایا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ یمن سے جازان میں داغا گیا میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔ اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

(جاری ہے)

یمن میں آئینی حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ حوثی باغی گزشتہ کچھ عرصے کے دوران سعودی عرب پر ایک سو سے زائد بیلسٹک میزائل حملے کر چکے ہیں۔ سعودی محکمہ دفاع کی طرف سیفوری کارروائی کرکے ان حملوں کو ناکام بنا کر ملک کو تباہی سے بچالیا گیا۔ قبل ازیں ہفتے کو سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کی طرف داغا گیا ایک میزائل بھی مار گرایا گیا تھا۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھی سعودی دارالحکومت ریاض پر چار میزائل داغے گئے۔

سکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا کہ چاروں میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ دو ماہ قبل سعودی عرب نے یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے فائر کیے گئے 7 میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا تھا ۔میزائل حملوں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک مصری شہری جاں بحق جبکہ دو شہری زخمی ہوئے تھے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ہلاکت کس علاقہ میں ہوئی۔

گذشتہ برس نومبر سے ہی ایران اور یمن کے حوثی باغیوں کے اتحاد نے سعودی عرب پر کئی میزائل داغے، جسے سعودی فورسز نے بغیر کسی جانی اور مالی نقصان کے ناکام بنا دیا۔ 4 نومبر کو حوثی باغیوں نے شاہ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میزائل داغا، جس پر سعودی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے میزائل کو مار گرایا۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے پینل نے اس میزائل سمیت یمن کی جانب سے ریاست پر داغے گئے دیگر 3 میزائلز کے ایران میں تیار ہونے کی تصدیق کی۔

19 دسمبر کو غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز نے بتایا کہ یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں موجود الیمامہ پیلس پر بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض پر داغا گیا میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے ۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر میزائل کے فضا میں تباہ ہونے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔