چنیوٹ میں خون سفید ہونے کا ایک انسانیت سوز واقعہ

وعدے کے باوجود ٹریکٹر خرید کر نہ دینے پر بیٹے نے باپ کو قتل کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 25 مئی 2018 10:58

چنیوٹ میں خون سفید ہونے کا ایک انسانیت سوز واقعہ
چنیوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2018ء) : یوں تو آئے روز سفاک لوگوں اور انسانیت سوز واقعات سننے کو ملتے ہیں، کبھی کوئی ساس اپنی بہو کو جلا دیتی ہے تو کہیں میاں بیوی ہی ایک دوسرے کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔ ان تمام واقعات کو سن کر ہمیں اس افسوسناک بات کا ادراک ہوتا ہے کہ ہم اخلاقی اور معاشرتی طور پر کتنا گر چکے ہیں، ایسی خبریں سننے والے ایک دن اس پر تبصرہ کرتے ہیں ، افسوس کرتے ہیں لیکن اگلے ہی روز اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہو جاتے ہیں اور عملی طور پر ان اخلاقی خلا کو پُر کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں بڑھاتا۔

حال ہی میں چنیوٹ میں بھی سفاکیت کی انتہا دیکھنے میں آئی جہاں ایک بیٹے نے اپنے والد کو ہی موت کے گھاٹ اُتار دیا ۔ صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں مبینہ طور پر وعدے کے باوجود ٹریکٹر نہ دلوانے پر بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے ہی والد کو قتل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق تھانہ چناب نگر کے علاقہ موضع بخش والا کے رہائشی 50 سالہ ریاض احمد نے اپنے بیٹے کامران کو کاشتکاری کے لیے ایک ٹریکٹر خرید کر دینے کا وعدہ کیا تھا۔

لیکن فصل میں ہونے والے نقصان کی وجہ سے ریاض احمد اپنے بیٹے کو ٹریکٹر خرید کر نہ دے سکا۔ پولیس کے مطابق وعدے کے باوجود ٹریکٹر خرید کر نہ دینے پر گزشتہ رات باپ بیٹے میں جھگڑا ہوا، جس کے بعد ملزم کامران نے طیش میں آکر فائرنگ کی اور اپنے والد کو قتل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزم کی تلاش میں چھاپے بھی مارے جارہے ہیں، اُمید ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ اہل علاقہ نے بھی بیٹے کے ہاتھوں ریاض احمد کی موت کی خبر کی تشویش کا اظہار کیا۔