لڑکیوں سمیت پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت اور زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اور دنیا کے ساتھ مسابقت کی تمام تر صلاحیتوں سے مالا مال ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی انٹرنیشنل فارمولا سٹوڈنٹ کمپیٹیشن میں شرکت کیلئے ریسنگ کار تیار کرنے والی نسٹ کی طالبات سے گفتگو

جمعرات 24 مئی 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ لڑکیوں سمیت پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت ہیں اور وہ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اور دنیا کے ساتھ مسابقت کی تمام تر صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے یہ بات نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی طالبات کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

ان طالبات نے انٹرنیشنل فارمولا سٹوڈنٹ کمپیٹیشن میں شرکت کیلئے ایک ریسنگ کار تیار کی ہے جو سلور سٹون کار ریسنگ ٹریک برطانیہ میں جولائی میں منعقد ہو گا۔ طالبات کے گروپ نے تیار کی جانے والی اپنی ریسنگ کار وزیراعظم کو دکھائی۔ وزیراعظم نے طالبات کی محنت اور لگن پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ریسنگ کار کی تیاری میں ان کی تکنیکی صلاحیتوں اور مکینیکل ہنر مندی کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ان جیسے ذہین نوجوان ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں جو مادر وطن کیلئے اعلیٰ کامیابیاں اور اعزازات لا سکتے ہیں۔ 15 رکنی ’’ٹیم اوج‘‘ نے مسلسل کاوشوں اور جانفشانی سے انٹرنیشنل فارمولا سٹوڈنٹس کمپیٹیشن میں رجسٹرڈ شرکت کنندہ کی حیثیت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ نوجوان طالبات کے اس اقدام سے موٹر سپورٹس میں خواتین شرکاء کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ یہ ٹیم نہ صرف مقابلے کی اولین ٹیموں میں پوزیشن حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے بلکہ اس میں اپنے علم اور جدت کی حامل صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے میں خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے۔