سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کے مقدمہ میں طلال چوہدری کی جانب سے پیش کئے گئے دو گواہان کے بیانات قلمبند کرلئے

جمعرات 24 مئی 2018 23:38

سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کے مقدمہ میں  طلال چوہدری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے وزیر مملکت برا ئے دا خلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کے مقدمہ میں طلال چوہدری کی جانب سے پیش کئے گئے دو گواہان کے بیانات قلمبند کرلئے اورکیس کی مزید سماعت 19جون تک ملتوی کر دی ہے ۔ جمعرات کوجسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پرطلال چو ہدری کے وکیل کامران مرتضی نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا کہ وہ اپنے بعض گواہان کولے آئے ہیں جوکمرہ عدالت میں موجود ہیں جبکہ ایک اورگواہ ڈی جی پیمرامحمد طاہر لاہور سے روانہ ہو چکے ہیں، اورراستے میں ہیں،جسٹس گلزار احمد نے ان سے کہاکہ کہ جب سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کیا تھا تو انہیں یہاں پیش ہونا چاہیے تھا، جس پرکامران مرتضی نے بتایا کہ کئی گواہان پارلیمنٹ میں مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے ہیں ، اس وقت پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم پیش کردی گئی ہے اس لئے وہ لوگ وہاں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران طلال چوہدری کے ایک گواہ اسرار احمد خان نے سچ بولنے کاحلف اٹھانے کے بعد بیان قلمبند کراتے ہوئے کہاکہ وہ خود 27 جنوری کے جلسہ میں سٹیج پر موجود تھا، قائدین کی آمد میں تاخیر کے باعث طلال چودھری نے کئی مرتبہ تقریریں کیں،تاہم ان کی تقریروں میں تسلسل نہیں تھا، میری موجودگی میں طلال چودھری نے عدلیہ یا اس کے فاضل ججوں کی شان کیخلاف کچھ نہیں کہا۔

انہوں نے اپنی تقریرمیں عدلیہ کیخلاف کوئی بات نہیں کی ، جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ حلف میں خدا کے عذاب اور قہر کی بات کی گئی ہے،آپ تیار ہو جائیں،گواہ نے کہاکہ میں نے حلف دیا ہے، پھربھی کہتاہوں کہ جلسے میں طلال چودھری نے عدلیہ کی کوئی توہین نہیں کی ہے، بلکہ وہاں پر کسی دوسرے شخص نے بھی عدلیہ کے بارے میں کوئی بات نہیں کی تھی ،جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ عدالت میں کسی دوسرے کامعاملہ زیرغور نہیں بلکہ طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی جاری ہے۔

مصدق ملک کا بیان قلمبند ہونے کے بعد کامران مرتضی نے باقی گواہوں کو پیش کرنے کے لئے مہلت کی استدعا کی تو جسٹس گلزار احمدنے کہاکہ آپ کل مزید گواہان لے آئیں۔ فاضل وکیل نے کہاکہ مجھے کل کوئٹہ جانا ہے،ٹکٹ بک کروا چکا ہوں، 4 بجے میری فلائیٹ ہے، انہوں نے فاضل عدالت سے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتہ تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تو ،جسٹس گلزار نے کہاکہ اگلے ہفتے یہ خصوصی بینچ دستیاب نہیں ۔ بعد ازاں مزید سماعت19 جون تک ملتوی کردی گئی۔