چینی صدر سے ملاقات میں حافظ سعید بارے کوئی گفتگو نہیں ہوئی، وزیراعظم کی بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید

، قومی سلامتی کمیٹی کی پریس ریلیز کے مطابق نوازشریف کا بیان مس رپورٹنگ پر مبنی ہے ، انٹرویو سے غلط مطلب نکالا گیا ، پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا ، پرویز مشرف حکومت نہیں بلکہ عدالت کی اجازت سے علاج کے لئے باہر گئے ، چوہدری نثار پرانے ساتھی اور دوست ، پارٹی چھوڑ کر نہیں جا سکتے ، چوہدری نثار نے بہت سی باتیں کیں جو عام نہیں ہونی چاہئیں تھیں ،خورشیدشاہ سے پیر کو ملاقات ہوگی اگر نگران وزیراعظم کامعاملہ حل نہ ہوا تو پھر یہ کمیٹی میں جائے گا،کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے ، فاٹا ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت فاٹا اصلاحات پرراضی ہے پانی کا مسئلہ خطرناک صورتحال اختیار کر گیا ہے،شاہد خاقان عباسی کانجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعرات 24 مئی 2018 23:30

چینی صدر سے ملاقات  میں حافظ سعید  بارے کوئی گفتگو نہیں ہوئی، وزیراعظم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی چین کے صدر سے ملاقات کے دوران جماعت الدعوة کے امیرحافظ سعید کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی ، قومی سلامتی کمیٹی کی پریس ریلیز کے مطابق نوازشریف کے حوالے سے بیان مس رپورٹنگ پر مبنی ہے ، نوازشریف کے انٹرویو سے غلط مطلب نکالا گیا ، پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا ، پرویز مشرف حکومت نہیں بلکہ عدالت کی اجازت سے علاج کے لئے باہر گئے ، ہم نے مشرف سے ان کے اقتدار میں این آر او نہیں کیا تو بعد میں کیا کرتے ، چوہدری نثار پرانے ساتھی اور دوست ہیں ، جھگڑا نہیں اختلاف رائے ہو سکتا ہے ، میں اور چوہدری نثار پارٹی چھوڑ کر نہیں جا سکتے ، ہم تیس سال سے جماعت کے ساتھ ہیں ، چوہدری نثار نے بہت سی باتیں کیں جو عام نہیں ہونی چاہئیں تھیں ،خورشیدشاہ سے پیر کو ملاقات ہوگی اگر نگران وزیراعظم کامعاملہ حل نہ ہوا تو پھر یہ کمیٹی میں جائے گا،کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے ، ہمارے بھی لوگوں نے اس سفارتی استثنیٰ سے فائدہ اٹھایا ہے ، فاٹا ارکان پارلیمنٹ سے فاٹا اصلاحات پر مشاورت کی گئی ،11میں سے 9فاٹا ارکان اسمبلی اصلاحات کے حق میں ہیں،پانی کا مسئلہ خطرناک صورتحال اختیار کر گیا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر اتفاق رائے کیلئے نوازشریف نے بہت محنت کی الیکشن نزدیک ہیں شاید اس لیے کچھ ارکان اسمبلی نے فاٹا بل پر نہ حمایت کی اور نہ مخالفت کی ، فاٹا اصلاحات پر اتفاق رائے کے دوران مسائل پیدا ہوتے رہے ، فاٹا ارکان اسمبلی کی اکثریت گزشتہ روز تک بل کی حمایت کرتے رہے لیکن انہوں نے ووٹنگ میں نہیں حصہ نہیں لیا،فاٹا ارکان پارلیمنٹ سے فاٹا اصلاحات پر مشاورت کی گئی ،11میں سے 9فاٹا ارکان اسمبلی اصلاحات کے حق میں ہیں ، چوہدری نثار پرانے ساتھی اور دوست ہیں ، جھگڑا نہیں اختلاف رائے ہو سکتا ہے ، میں اور چوہدری نثار پارٹی چھوڑ کر نہیں جا سکتے ، ہم تیس سال سے جماعت کے ساتھ ہیں ، چوہدری نثار نے بہت سی باتیں کیں جو پبلک میں نہیں ہونی چاہیئں تھیں ، میں چوہدری نثار کے اظہار رائے پر یقین رکھتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ڈان اخبار(نجی اخبار) کے انٹرویو کو کسی شخص نے نہیں پڑھا،اس سے شکوک وشبہات پیدا ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے انٹرویو سے غلط مطلب نکالا گیا ، قومی سلامتی کمیٹی کی پریس ریلیز کے مطابق نوازشریف کے حوالے سے بیان مس رپورٹنگ پر مبنی ہے ، میڈیا میں آنے والی باتیں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں ، پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا ، ممبئی حملے میں پاکستان کی سرزمین کے استعمال ہونے کی نفی کی گئی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کی ممبئی حملے والی باتیں بہت بڑے انٹرویو کا چھوٹا حصہ تھا ، اخبا والی باتیں ہر کوئی کو رہا ہے ۔انہوں نے نگران حکومت کے حوالے سے کہاکہ اگر نگران وزیراعظم پر میرے اور خورشید شاہ کے درمیان اگر فیصلہ نہ ہو سکا تو نام پر پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے اور اس کے بعد اگر فیصلہ نہ ہوسکا تو الیکشن کمیشن کے پاس بات جائے گی ، میری اور خورشید شاہ کے درمیان پیر کو ملاقات ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف عدالت کی اجازت سے علاج کے لئے باہر گئے ، عدالت جو کہے گی ہم اس پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے ، ہم نے جنرل (ر) مشرف سے ان کے اقتدار میں این آر او نہیں کیا تو بعد میں کیا کرتے ، حکومت نے پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی ، اصغر خان کیس کابینہ میں رکھا جائے گا اور وہاں اس پر ڈسکس کیا جائے گا ، اصغر خان کیس کو 30سال کا عرصہ گزر گیا ہے ، نہ شکایت کرنے والے زندہ ہیں اور نہ گواہ موجود ہیں ، ایک سچائی کمیشن بنا دیا جائے جس میں اس طرح کے معاملات حل کئے جائیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں اپنی جماعت کی مرضی سے وزیراعظم بنا ، تمام تر مشکلات کے باوجود حکومت مدت پوری کرنے جا رہی ہے ، ہم نے خود کار اسلحہ لائسنس ختم کردیا ہے ، ہم نے اسلحہ کا اجراء شناختی کارڈ سے منسلک کردیا ہے ، اگر پانچ روپیہ فی یونٹ عوام اضافی دے دیں تو ہر گھر میں بجلی آئے گی ، اس وقت ملک میں بجلی چوری ہو رہی ہے ، 90فیصد فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ، ڈھائی ہزار سے تین ہزار میگاواٹ پن بجلی کا شارٹ فال آیا ہے وہ بھی پانی کی کمی کی وجہ سے ہوا ہے ، آج پچاس فیصد اضافی بجلی فراہم کی جا رہی ہے ، بجلی چوری کی وجہ سے گردشی قرضہ بڑھ جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی واٹر پالیسی بنائی گئی ہے جس میں پانی کے استعمال کا طریقہ کار وضع کیا گیا ۔ پانی کا مسئلہ خطرناک صورتحال اختیار کر گیا ہے ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میری چین کے سدر سے جماعت الدعوة کے حافظ سعید کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی ، کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے ، ہمارے بھی لوگوں نے اس سفارتی استثنیٰ سے فائدہ اٹھایا ہے ، جاں بحق ہونے والے افراد کو معاوضہ دینا حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے ، عدالت اس معاملے پر جس طرح حکم کرے گی اس طرح کریں گے ۔