لاہور کراچی موٹروے کا پہلا حصہ مکمل کر لیا گیا

لاہور عبدالحکیم موٹروے کل 230 کلومیٹر طویل ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 28 مئی کو افتتاح کریں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 مئی 2018 21:24

لاہور کراچی موٹروے کا پہلا حصہ مکمل کر لیا گیا
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی 2018ء) لاہور کراچی موٹروے کا پہلا حصہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحت ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز کا جال بچھائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں حالیہ کچھ ماہ کے دوران کئی اہم موٹرویز سیکشنز کا افتتاح کیا گیا ہے۔ جبکہ اب سی پیک منصوبے کے تحت بننے والی اہم ترین لاہور کراچی موٹروے کا پہلا سیکشن بھی مکمل کر لیا گیا۔

لاہور کراچی موٹروے کے پہلے سیکشن لاہور عبدالحکیم موٹروے کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ لاہور عبدالحکیم موٹروے کل 230 کلومیٹر طویل ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 28 مئی کو لاہور عبدالحکیم موٹروے کا افتتاح کریں گے۔ لاہور عبدالحکیم موٹروے کا آغاز لاہور کے علاقے سگیاں سے ہوتا ہے۔

(جاری ہے)



جبکہ لاہور عبدالحکیم موٹروے پر کل 8 انٹرچینجز ہیں۔

ان انٹرچینجز میں سگیاں، شرکپور، ننکانہ صاحب، جڑانوالہ، سمندری، رجانہ، پیر محل اور عبدالحکیم شامل ہیں۔ لاہور عبدالحکیم موٹروے کی تکمیل کے باعث لاہور سے ملتان تک کے سفر کا دورانیہ آدھا ہو جائے گا۔ جبکہ عبدالحکم سے خانیوال، ملتان اور پھر کراچی تک موٹروے کی تعمیر بھی زور و شور سے جاری ہے۔ امکان ہے کہ لاہور سے کراچی تک تعمیر کی جانے والی موٹروے 2019 تک مکمل کر لی جائے گی۔

جبکہ لاہور عبدالحکیم موٹروے دی گئی عین مدت پر مکمل کی گئی ہے۔

 یہ بات بھی واضح رہے کہ لاہور عبدالحکیم موٹروے کی تعمیر کا ٹھیکہ ایک چینی کمپنی کو دیا گیا تھا۔ لاہور کراچی موٹروے کی تکمیل کے باعث میں مواصلات کے نظام میں ایک واضح انقلاب آئے گا۔ سی پیک کے تحت بننے والی اس موٹروے کی تکمیل سے لاہور سے کراچی تک کا سفر محض چند گھنٹوں تک محدود ہو جائے گا۔ جبکہ عوام کے درمیان رابطے پیدا ہونے میں مزید آسانی بھی ہو جائے گی۔