ہم نے انرجی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، کیا اس سے بہتر عوام کی خدمت ہوسکتی ہی:شہبازشریف

اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی نے پنجاب کو سندھ اور دیگر صوبوں سے تعلیم اور صحت کے میدان میں بہتر قرار دیا سندھ کے عوام ترقی اور خوشحالی کیلئے شہبازشریف کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں:شاہ محمد شاہ

جمعرات 24 مئی 2018 23:17

ہم نے انرجی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، کیا اس سے بہتر عوام کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے یہاں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو سندھ میں تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی امور کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انرجی بحران کا خاتمہ کیا، دہشت گردی کا سدباب کیا، کیا اس سے بہتر کوئی عوام کی خدمت کرسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مستند اور معتبر ذیلی ادارے یو این ڈی پی نے پنجاب کی ترقی کی توثیق کر دی۔ یو این ڈی پی نے پنجاب کو سندھ اور دیگر صوبوں سے تعلیم اور صحت کے میدان میں بہتر قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برسوں گزر گئے کسی نے سندھ کے ہاری کی حالت سنوارنے پر توجہ نہیں دی۔ سندھ کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو سندھ کو ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنائیں گے۔ صدر مسلم لیگ (ن) سندھ شاہ محمد شاہ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام ترقی اور خوشحالی کیلئے تبدیلی چاہتے ہیں اور تبدیلی کیلئے شہبازشریف کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ انہیں شہبازشریف کی قیادت پر پورا اعتماد، بھرپور یقین اور فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں سندھ میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔