امن، محبت اور برداشت دنیا میں تمام مذاہب کی روح ہے ،ْاعزاز احمد چوہدری

جمعرات 24 مئی 2018 22:58

امن، محبت اور برداشت دنیا میں تمام مذاہب کی روح ہے ،ْاعزاز احمد چوہدری
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ امن، محبت اور برداشت دنیا میں تمام مذاہب کی روح ہے۔ وہ گزشتہ روز واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ میں بین المذاہبی ہم آہنگی، امن اور تعاون کو فروغ دینے کی غرض سے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ امریکی خاتون کانگرس رکن شیلا جیکسن لی، کانگرس رکن آندرے کارسن اور معاون سیکرٹری خارجہ ایلس ویلز نے تقریب میں شرکت کی۔

پاکستانی سفیر نے فعال اور روادار پاکستان کیلئے برداشت اور بین المذاہبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امن، محبت اور برداشت تمام مذاہب کی روح ہے۔ اس موقع پر مسلم، عیسائی، یہودی، ہندو، بدھ مت اور سکھ مذاہب کے معروف نمائندوں نے بین المذاہبی ہم آہنگی اور برداشت کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

تمام مذہبی رہنمائوں نے عالمی امن کیلئے دعا کی اور مختلف مذاہب میں موجود مشترکہ ان اقدار کو اجاگر کیا جو دنیا میں امن، محبت، برداشت اور ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں۔

ان مذہبی رہنمائوں میں جو ریڈ، ریورنڈ ڈیوڈ میلم، نانک لاہوری، والٹر روبی، البرٹ صابر اور ڈاکٹر راجونت سنگھ شامل تھے۔ رکن کانگرس آندرے کارسن نے کہا کہ رمضان برداشت اور خود بینی کا مہینہ ہے۔ خاتون رکن کانگرس شیلا جیکسن نے سانتا فی میں سکول میں حالیہ فائرنگ کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے برداشت، امن اور چیرٹی کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارت روابط اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کام کرنے کا عزم کیا۔

تقریب میں متوفی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ اور فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دیگر طلباء و طالبات کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔تقریب میں شریک مہمانوں نے مختلف مذاہب کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے پر پاکستانی سفارتخانہ کی کوششوں کو سراہا۔