احتساب عدالت نے محمد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ،

ریفرنس میں مریم نواز نے 128 میں سے 46 سوالات کے جواب دے دیئے

جمعرات 24 مئی 2018 22:52

احتساب عدالت نے محمد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قو می اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کل(جمعہ)تک ملتوی کر دی ہے ۔ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز نے 128 میں سے 46 سوالات کے جواب دے دیے۔جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے دوران مریم نواز نے عدالت کی جانب سے پوچھے گئے 128 میں سے 46 سوالات کے جواب پڑھ کر سنائے ۔ مریم نواز نے کہا کہ جے آئی ٹی اور جے آئی ٹی رپورٹ اس کیس میں غیر متعلقہ ہیں ۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ کی معاونت کے لئے بنائی گئی تھی، اس ریفرنس کے لئے نہیں اور اس کے ارکان پر تحفظات سے متعلق میرا بھی وہی مؤقف ہے جو نواز شریف کا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ سال 2000 میں جے آئی ٹی رکن عامر عزیز بطور ڈائریکٹر بینکنگ کام کر رہے تھے جنہیں پرویز مشرف حکومت نے ڈیپوٹیشن پر نیب میں تعینات کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ عرفان منگی کی تعیناتی کا کیس سپریم کورٹ میں ابھی تک زیر التوا ہے جنہیں جے آئی ٹی میں شامل کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو اختیارات دیئے کہ قانونی درخواستوں کو نمٹایا جا سکے، ایسے اختیارات دینا غیر مناسب اور غیر متعلقہ تھے جبکہ جے آئی ٹی کی دس والیوم پر مشتمل خود ساختہ رپورٹ بھی غیر متعلقہ تھی۔

بیان قلمبند کراتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جے آئی ٹی کی خود ساختہ حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں دائر درخواستیں نمٹانے کے لئے تھی، ان درخواستوں کو بطور شواہد پیش نہیں کیا جا سکتا اور یہ تفتیشی رپورٹ ہے جو ناقابل قبول شہادت ہے۔مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کے جمع کردہ شواہد کی روشنی میں ریفرنس دائر کرنے کا کہا اور یہ نہیں کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو بطور شواہد ریفرنس کا حصہ بنایا جائے۔عدالت نے مذید سماعت (آج )جمعہ تک ملتوی کر دی ۔آج بھی مریم نواز نیب کی جانب سے دیئے گئے سوالوں کا جواب دیں گی ۔