Live Updates

لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن میں 2018 ء کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے لیے انتخابی نشان ’’ کتاب ‘‘ کیلئے درخواست اور کاغذات جمع کراد یئے

جمعرات 24 مئی 2018 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں 2018 ء کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے لیے انتخابی نشان ’’ کتاب ‘‘ کے لیے درخواست اور کاغذات جمع کراد یئے ۔ جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے اسلام ، جمعیت علمائے پاکستان ، مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اسلامی تحریک کے نمائندے میاں محمد اسلم ، عارف حسین واحدی، مولانا عبدالرئوف ، مولانا عبداللہ ، کاشف چوہدری ، سیف اللہ گوندل ایڈووکیٹ ، اشتیاق بٹ ، مولانا مشہود سلفی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

لیاقت بلوچ نے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی مرکزی کونسل نے رابطہ عوام مہم اور عام انتخابات کی تیاری کا بھر پور آغاز کردیاہے ۔

(جاری ہے)

قومی ورکرز کنونشن اور مینار پاکستان کے فقید المثال جلسہ عام نے پورے ملک میں دینی ووٹرز کو عزم نو اور نیا ولولہ دے دیاہے ۔ 2018 ء کے الیکشن میں متحدہ مجلس عمل کا کلیدی کردار ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ 4 جون کو متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن اسلامی عوامی منشور کا اعلان کریں گے ۔ متحدہ مجلس عمل کے مرکزی ، صوبائی پارلیمانی بورڈ قائم کر دیے گئے ہیں ۔ ضلعی تنظیمیں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران کے لیے سفارشات تیار کر رہی ہیں ۔ متحدہ مجلس عمل عید الفطر کے فوراً بعد 24 جون پشاور ، 29 جون ملتان ، یکم جولائی کراچی ، چار جولائی کوئٹہ ، 8 جولائی راولپنڈی 12 جولائی ایبٹ آباد اور انتخابی مہم کا آخری جلسہ کراچی میں ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے قیام سے سیکولر سیاست کے ایوانوں میں بھونچال آگیاہے ۔ محب وطن ووٹوں کو تقسیم نہیں ہونے دیںگے اور تمام دینی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ دینی قوتوں کی تقسیم سے پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے ۔ انہوںنے کہاکہ نئی نسل علماء ، مشائخ اور دینی جماعتوں سے بڑی توقعات رکھتی ہے۔

متحدہ مجلس عمل کے مقاصد نظام مصطفیؐ کا قیام ، اسلام کا نظام عد ل ، معاشی خوشحالی ، کرپشن کا خاتمہ ، تعلیم ، صحت اور روزگار سب کے لیے ، سب کا بلاامتیاز احتساب ، وسائل کی منصفانہ تقسیم ، خواتین ، کسانوں، مزدوروں، اقلیتوں اور نوجوانوں کے حقوق کی حفاظت کرنا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران سیٹ اپ بنانے میں تاخیر کا شکار ہوئے ہیں ۔

یہ آئینی جمہوری فیصلہ بر وقت کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن اور اعلیٰ عدلیہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ میں پاکستانی طالبہ کی ٹارگٹ کلنگ دہشتگردی ہے ۔ ٹرمپ کی انتہا پسندی اس کی ذمہ دار ہے ۔ہم کشمیریوںاور فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ماہ رمضان المبارک میں عوامی افطار ، خطابات جمعہ ، قرآن کانفرنسیں منعقد کی جارہی ہیں ۔ مرکزی اور صوبائی قائدین کراچی ، لاہور ، اسلام آباد ، کوئٹہ ، پشاور ، ملتان ، حیدر آباد میں صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کے اہتمام کر رہے ہیں ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات