ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں متحدہ مجلس عمل کی تنظیم سازی مکمل ہو گئی ہے، مفتی کفایت الله

جمعرات 24 مئی 2018 22:43

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنما مفتی کفایت الله نے کہا ہے کہ ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں متحدہ مجلس عمل کی تنظیم سازی مکمل ہو گئی ہے، کارکن نئے جذبہ اور ولولہ کے ساتھ انتخابات میں کامیابی کیلئے پر عزم ہیں۔ وہ جمعرات کو ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اور تور غر میں تنظیمی دورہ مکمل کر نے کے بعد یہاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی کارکن بہترین کارکردگی کی بناء پر انشاء الله الیکشن میں حیران کن نتائج دیں گے، نوجوان ورکروں کا جذبہ اور ہمت مجلس عمل کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کیلئے بہترین انتخابی مہم ڈیزائن کر لی گئی ہے جس پر عید کے بعد عمل درآمد ہوگا، مجلس عمل کے مرکزی اور صوبائی قائدین مختلف مقامات پر بڑے بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ قوم مجلس عمل کے رہنمائوں سے استحکام پاکستان کیلئے عظیم اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتی تھی، یہی وجہ ہے اس اتحاد سے سیکولر جماعتوں پر سکتہ طاری ہے، مجلس عمل کا قیام عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے، کرپشن اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، ناجائز ذرائع سے دولت حاصل کرنے والوں کو انتخابات میں ناک آئوٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دولت کے بل بوتے پر عوام کا ضمیر خریدنے والوںکو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، پاکستان اپنی تاریخ کے نازک دور سے گذر رہا ہے، امریکہ بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف نظریاتی اور جغرافیائی محاذ پر جنگ کا آغاز کر چکا ہے اس لئے اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحدہ مجلس عمل پر اعتماد کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کے قیام سے ملکی سیاست پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے، ملک کو طاغوتی اور عالمی سازشوں سے ہر طرح سے پاک کریں گے، سودی نظام ختم کرکے ملک میں معاشی انقلاب لائیں گے۔