پیپلزپارٹی تعلیم اداروں میں طلباء یونین کے حق میں ہے، طلباء جب میدان میں نکلتے ہیں تو آمروں کو پسپائی اختیار کرنا پڑتی ہے،۔ طلباء یونین اس لئے بھی ضروری ہے کہ نوجوان تعلیمی اداروں میں ہی تعلیم کے ساتھ ساتھ سیاسی شعور کی آگاہی حاصل کریں،پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پی ایس ایف پنجاب کے عہدیداروں سے خطاب

جمعرات 24 مئی 2018 22:28

پیپلزپارٹی تعلیم اداروں میں طلباء یونین کے حق میں ہے، طلباء جب میدان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تعلیم اداروں میں طلباء یونین کے حق میں ہے طلباء جب میدان میں نکلتے ہیں تو آمروں کو پسپائی اختیار کرنا پڑتی ہے۔ طلباء یونین اس لئے بھی ضروری ہے کہ نوجوان تعلیمی اداروں میں ہی تعلیم کے ساتھ ساتھ سیاسی شعور کی آگاہی حاصل کریں۔

جمعرات کے روز زرداری ہائوس اسلام آباد میں پی ایس ایف پنجاب کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ایس ایف کی شاندار تاریخ رہی ہے۔ پی ایس ایف کے کارکنوں نے جنرل ضیاء کی آمریت کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ تکلیفیں، تشدد اور جیلیں برداشت کیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طلباء میری طاقت ہیں ان کے طاقت سے ہم سماج تبدیل کریں گے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی معاشرے میں جمہوری کلچر، معاشی انصاف کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی یہ تاریخ رہی ہے کہ ملک اور قوم کے لئے پہلے قربانی پارتی قیادت دیتی ہے اور پھر کارکن قربانی کی تاریخ رقم کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طلباء ہی مستقبل کے معمار ہیں ان میں سے کسی کو سیاستدان بن کر قوم کی رہنمائی کرنی ہے اور دیگر شعبوں میں بھی اپنی اہلیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس لئے تعلیمی اداروں میں طلباء یونین کے انتخابات سے مثبت تبدیلی آئے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید بھی آکسفورڈ میں طلباء یونین کی صدر رہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس ایف کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں میں امن، جمہوری کلچرکے لئے کام کریں۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل فرحت اللہ بابر، پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، سیکریٹری جنرل چوہدری منظور، پی ایس ایف راولپنڈی کے صدر عثمان فاروق، جنرل سیکریٹری وقاص عباسی، موسیٰ خاقان، حارث عباس، ریاض خان، علی ڈار، ملک زبیر بھی موجود تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی سے ملاقات کرنے والوں میں پی ٹی آئی کمالیہ کہ صدر ڈاکٹر عمار بھٹی بھی شامل تھے جنہوں نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ پیپلزپارٹی مندی بہائوالدین کے رہنمائوں عظمت اللہ مارچ، بریگیڈئیر اظہار الحسن، ارسلان گوندل، رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمن، عثمان سیف اللہ، رانا نسیم اقبال، اسلام آباد سے افتخار شہزادہ اور سلمان رانا بھی شامل ہیں۔