وزیراعظم نے ”دی ہندو“ کی سازشی رپورٹ مسترد کردی

چینی صدرسےملاقات میں حافظ سعید سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی،چینی صدر سےملاقاتوں میں معاشی اور اقتصادی یشو زیربحث آئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 مئی 2018 19:51

وزیراعظم نے ”دی ہندو“ کی سازشی رپورٹ مسترد کردی
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی 2018ء) : وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ”دی ہندو“کی سازشی رپورٹ مسترد کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدرسے ملاقات میں حافظ سعید سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، چینی صدر سے دو تین ملاقاتیں ہوئیں جن میں معاشی اور اقتصادی یشو زیربحث آئے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کسی اخبار میں حافظ سعید سے متعلق چھپنے والی خبر کاکوئی علم نہیں ہے۔

تاہم اگر کوئی ایسی خبر ہے تو میں اس کی تردید کرتاہوں۔ کیونکہ باؤفورم میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں حافظ سعید سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔انہوں نے ہندوستانی اخبار کی پروپیگنڈا اور پاک چین گہرے تعلقات کیخلاف گھناؤنی سازشی رپورٹ کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے بھی ہندوستانی اخبار میں چھپنے والی خبر کوبے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چینی صدر نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے حافظ سعید کی کسی دوسرے ملک میں منتقلی سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔ چینی صدر کی جانب سے حافظ سعید کو مغربی ایشیائی ملک میں بھیجنے کا کہنے کی خبر بے بنیاد ہے۔ واضح رہے ہندوستانی اخبار کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے مابین ہونے والی ملاقات کا دورانیہ 35 منٹ رہا جس میں سے 10 منٹ صرف حافظ سعید پر بات کی چیت کی گئی۔

بھارتی اخبار کی پروپیگنڈا خبر کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مشورہ دیا کہ وہ حافظ سعید کو دنیا کی نظروں سے دور رکھنے لیے مغربی ایشیائی ملک میں بھیج دیں۔ بھارتی اخبار دی ہندو نے یہ خبر پاکستان کے قومی انگریزی اخبار ڈان کے صحافی مبشر زیدی سے منسلک کرکے شائع کی ہے۔جس کے باعث پاکستانی صحافی مبشر زیدی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔