لارڈ ٹیسٹ ،پاکستانی باﺅلرز نے انگلش بلے بازوں کے گرد شکنجہ تنگ کرلیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 مئی 2018 19:43

لارڈ ٹیسٹ ،پاکستانی باﺅلرز نے انگلش بلے بازوں کے گرد شکنجہ تنگ کرلیا
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی 2018ء) لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف چائے کے وقفے پر 5کھلاڑیوں کے نقصان پر 165رنز بنا لیے ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور الیسٹر کک اور اسٹونمین اننگز نے اننگز کا آغاز کیا۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز کے مجموعے پر گری جب مارک سٹونمین 4 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد الیسٹر کک اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 21 رنز بنائے جس کے بعد جو روٹ 4 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ مالان بھی محض4رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر جونی بیئر سٹو اور الیسٹر کک نے چوتھی وکٹ کے لیے 57رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران الیسٹر کک نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 56ویں نصف سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد بیئر سٹو 27رنز بنا کر فہیم اشرف کی شاندار گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ محمد عامر نے ایلسٹر کک کو 70کے انفرادی سکور پر بورڈ کرکے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل جو روٹ کا کہنا تھا پچ بہت اچھی دکھائی دے رہی ہے اور پاکستان کے خلاف میچ کے لیے سب بہت پرجوش ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور راحت علی کی جگہ حسن علی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو سال بعد ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ سیریز میں آمنا سامنا ہوگا، آخری مرتبہ 2016 ءمیں اوول میں انگلینڈ کو شکست دے کر قومی ٹیم نے پہلی مرتبہ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جو مختصر وقت تک برقرار رہی۔

گزشتہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی قیادت مصباح الحق اور انگلش ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک تھے تاہم اب دونوں ٹیموں کے کپتان نئے ہیں، گرین کیپس کی قیادت سرفراز احمد اور انگلش ٹیم کی کپتانی کے فرائض جوروٹ کر رہے ہیں۔