ْ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کا اجلاس

جمعرات 24 مئی 2018 21:24

ْ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کا تیسرا اجلاس ہولی فیملی ہسپتال میں منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر برائے سیکنڈری ہیلتھ پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں جدید میڈیکل آلات، ہسپتالوں میں صفائی کے جدیدنظام کے بلوں کی ادائیگی، کنٹریکٹ ملازمین کے معاہد ہ میں توسیع اور نئی بھرتیوںکے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔

سنڈیکیٹ نے ہولی فیملی ہسپتال گیس کے زائد بلوں کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کی ہدایت کی اور خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ تحقیقات کی جائیں کہ زائد بل کی وجہ گیس لیکیج ہے یا پھر گیس کے بل وقت پر وصول نہیں ہوئے یاپھر گیس کے میٹر خراب ہوگئے، ان وجوہات کے تعین کے بعد ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائے جائی۔

(جاری ہے)

سینڈیکیٹ اجلاس میں وائس چانسلر نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور نمائندہ ہائر ایجوکیشن کمشن لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عمران مجید،بورڈ آف مینجمنٹ کے سابقہ چیئر مین ڈاکٹر محمد اسلم، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد امجد، ریکٹر نسٹ یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان، ڈائریکٹرلوکل آڈٹ فنڈ مظہر حسین، رکن صوبائی اسمبلی زیب النساء اعوان ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال، ہولی فیملی، ڈی ایچ کیو اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

سینڈیکیٹ اجلاس نے شعبہ صحت میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے اور پنجاب بھر میں ڈینگی کنٹرول کیلئے نمایاں کردار ادا کرنے پر خواجہ سلمان رفیق کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ خواجہ سلمان رفیق کی خدمات پنجاب کی شعبہ طب کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے ممبران کو یونیورسٹی سے منسلک ہسپتالوں میں سول ورک، میڈیکل سامان کی خرید و فروخت اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بلایا جائے اور موقع پر ان کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے ۔

انہوںنے کہاکہ بینظیر بھٹو ہسپتال میں گریڈ ایک سے پندہ تک خالی اسامیوں کیلئے کامیاب امیداروں کی بھرتی کی سینڈیکیٹ سے منظوری سے پہلے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ایچ آر کمیٹی سے رائے لی جائے۔ انہوںنے کہاکہ بینظیر بھٹو میں ہائی کورٹ کے احکامات پر بحالی اور مستقل ہونے والے ملازمین کے حوالے سے عدالتی فیصلوں کی روشنی میں قانونی تقاضوں کے مطابق اقدامات کئے جائیں ۔راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ نے ہولی فیملی ، بینظیر بھٹو ہسپتال اور ڈی ایچ کیو میں صفائی کے انتظامات پر تسلی کا اظہار کیا اور کہا کہ صفائی کے نظام کو آئوٹ سورس کرنے سے بہتری آئی ہے۔