افسران اپنی پیشہ وارنہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران قومی مفادات اور عوامی فلاح کو مدنظر رکھیں ، گورنر پنجاب

جمعرات 24 مئی 2018 21:20

افسران اپنی پیشہ وارنہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران قومی مفادات اور ..
لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) گو رنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوا نہ نے کہا ہے کہ افسران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے جامع اور ٹھوس لائحہ عمل مرتب کریں۔ افسران اپنی پیشہ وارنہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران صرف اور صرف قومی مفادات اور عوامی فلاح کو مدنظر رکھیں - عوام کے مسائل حل ہو ں گے تو ان کا اداروں پر اعتماد بڑھے گاجس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی ۔

2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ خوشحال اور ترقی یافتہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نیشنل سکول آ ف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام 108ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفدکی قیادت عظمت علی رانجھا ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کر رہے تھی- اس موقع پر سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب صائمہ سعید بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ عوام کا اصل مسئلہ ان کے مسائل ہیں اور ان کی شکایات کا ازالہ کر کے اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں - انہوں نے کہا کہ دفاتر میں عوامی مسائل زیرالتواء رہتے ہیں لہذا ان کو فوری طور پر نمٹانے کے لیے کام کرنا چاہیی- اس موقع پر گورنر پنجاب نے افسران کے مختلف سوالو ں کے جوابات بھی دیے ۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں پنجا ب میں صحت و تعلیم اورانفراسٹرکچر کے شعبوں میں گراں قدر کام ہوا ہے جس کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے - انہو ںنے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر میں میڈیکل کالجز و ہسپتالوں کے قیام کے علاوہ ضلع اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں انجیو گرافی ، سٹی سکین، ایکسرے مشینیں فراہم کی گئیں ہیں جہاں پر مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کی گئی ہیں - انہوں نے کہا کہ میوہسپتال میں سرجیکل ٹاور کے قیام کے علاوہ سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوشن قائم کیا گیا ہے ۔

مزید برآں مستحق و ہونہار طلباء و طالبات کے لیے ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈز کااجراء کیا گیا ہے ۔دریں اثنا،گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کرنل سہیل عابدشہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردو ں کے خلاف جنگ کرتے ہوئے کرنل سہیل عابدنے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شجاعت اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ان شہداء پر فخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرنل سہیل عابد شہید جیسے سپوتوں کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے وطن عزیز کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرنے کے لیے گرا ں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔انہوں نے اس موقع پر کرنل سہیل عابد شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی ۔