چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جعفر آباد بلوچستان میں پانی کی قلت ،ْ بلوچستان اور کے پی کے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹس طلب کرلیں

کرنل سہیل عابد شہید کے گائوں کی سڑک اور ان کے گائوں کا نام ان کے نام سے منسوب کیا جائے ،ْقائد حزب اختلاف شیری رحمن کا مطالبہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے آئینی ترمیمی بل (آج) پیش کیا جائے گا ،ْ چیئر مین سینٹ کی اراکین کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 24 مئی 2018 20:57

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جعفر آباد بلوچستان میں پانی کی قلت ،ْ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جعفر آباد بلوچستان میں پانی کی قلت ،ْ بلوچستان اور کے پی کے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹس طلب کرلیں جمعرات کو اجلاس میں سینیٹر ثناء جمالی نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ جعفر آباد میں ان دنوں پانی کی شدید قلت ہے ،ْ1991ء کے پانی کے معاہدہ کے تحت ہمیں پانی فراہم کیا جائے۔

چیئرمین نے قائد ایوان سے کہا کہ وہ اس حوالے سے ارسا اور دیگر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر کے ایوان میں پیش کریں۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی اس سلسلے میں سینیٹر کلثوم پروین نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ بلوچستان میں ان دنوں لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کے کنٹرول کا سسٹم بے شک لاہور میں رکھا جائے لیکن کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو بجلی کی مقامی ضرورت کے مطابق تقسیم کا اختیار دیا جائے۔

چیئرمین نے کہا کہ وہ اس پر وزارت پاور ڈویژن سے رپورٹ لے لیتے ہیں۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے خیبر پختونخوا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند خان نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں افطاری اور سحری کے اوقات میں بھی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ حکومت دعوے کرتی ہے کہ لوڈ شیڈنگ ہم نے ختم کر دی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے پاور ڈویژن سے رپورٹ طلب کی جائے۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ بجھانے میں تاخیر کے حوالے سے سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کرلی ،ْسینیٹر ستارہ ایاز نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر کافی دنوں سے آگ لگی ہوئی ہے اور دن بدن یہ آگ پھیل رہی ہے لیکن اسے بجھانے کا کوئی انتظام نہیں کیا جا رہا۔

چیئرمین نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو ہدایت کی کہ اس پر سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کی جائے۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خیبر پختونخوا میں ورکر ویلفیئر فنڈ سے عدم ادائیگی کے معاملہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کے ساتھ ساتھ اب گیس کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ہمیں اپنے کوٹہ کے مطابق بجلی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے 162 ارب روپے اکائونٹ میں پڑے ہوئے ہیں لیکن طلبہ کی سکالر شپ، جہیز فنڈ اور اموات کے فنڈز کی مد میں ادائیگی نہیں کی جا رہی۔ چیئرمین نے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کرلی۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے فاٹا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔ سینیٹر ہلال الرحمان نے نکتہ ء اعتراض پر کہا کہ فاٹا میں بجلی کی بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور خیبر پختونخوا میں کسی خرابی کی صورت میں بھی ہمارے گرڈ اسٹیشن بند کر دیئے جاتے ہیں۔

بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ یومیہ ہو رہی ہے۔ چیئرمین نے اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔اجلاس کے دور ان اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کوئٹہ میں داعش اور لشکر جھنگوی مل کر ہزارہ برادری اور دیگر افراد کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرنل سہیل عابد شہید اور دو پولیس اہلکاروں نے ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

کرنل سہیل عابد کے گھر جانے والی سڑک اور ان کے گائوں کا نام ان کے نام پر رکھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور لشکر جھنگوی نے آپس میں اتحاد بنایا ہوا ہے اور افغانستان میں خراسان برانچ سے ان حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرنل سہیل عابد شہید کے گائوں کی سڑک اور ان کے گائوں کا نام ان کے نام سے منسوب کیا جائے۔

اجلاس کے دور ان سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ کرنل سہیل عابد شہید ایک دلیر اور محبت وطن فوجی افسر تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کے گائوں کی سڑک اور سکول کا نام ان سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سینیٹر شیری رحمان کے نکتہ ء اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرنل سہیل عابد شہید کے لواحقین سے تعزیت کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب بھی گئے تھے اور وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ان کے گائوں کی سڑک اور سکول کا نام ان سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اجلاس کے دور ان بتایا کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے آئینی ترمیمی بل (آج) جمعہ کو ایوان بالا میں پیش کیا جائے گا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے تمام پارلیمانی لیڈرز کو ہدایت کی کہ وہ بل کی منظوری کے لئے اپنے ارکان کی حاضری کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے جانشینی (ترمیمی) بل 2018ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد الله خان نے تحریک پیش کی کہ جانشینی (ترمیمی) بل 2018ء زیر غور لایا جائے۔ چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔اجلاس کے دور ان مغربی پاکستان سینما ہائوسز سگریٹ نوشی پر پابندی (تنسیخی) بل 2018ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد الله خان نے تحریک پیش کی کہ مغربی پاکستان سینما ہائوسز سگریٹ نوشی پر پابندی (تنسیخی) بل 2018ء زیر غور لایا جائے۔ چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔