شمالی کوریا نے ایٹمی جنگ چھیڑنے کا اعلان کردیا

ناکام مذاکرات پر بھرپور ایٹمی طاقت کا مظاہرہ ہو گا، شمالی کوریا کی امریکہ کو دھمکی شمالی کوریا مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گا،امریکالیبیا سمجھنے کی غلطی پر پچھتائے گا،چھوئے سن ہی

جمعرات 24 مئی 2018 20:13

شمالی کوریا نے ایٹمی جنگ چھیڑنے کا اعلان کردیا
پیانگ ینگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2018ء) شمالی کوریا نے امریکہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مذاکرات میں ناکامی ہوئی تو بھر پور ایٹمی طاقت کا مظاہرہ ہو گا، شمالی کوریا امریکہ سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گا،امریکا شمالی کوریا کو لیبیا سمجھنے کی غلطی پر پچھتائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے امریکی نائب صدر مائیک پینس کو بیوقوف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے اور سفارتکاری کا طریقہ ناکام ہوا تو پھر ایٹمی جنگ کے میدان میں مقابلہ ہوگا۔

سینئر خاتون مذاکرات کار چھوئے سن ہی نے امریکی نائب صدر مائیک پینس کے حالیہ بیانات کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا امریکا سے مذاکرات کی بھیک نہیں مانگے گا، اگر سفارتکاری ناکام ہوئی تو پھر جوہری قوت کا برملا مظاہرہ ہوگا۔

(جاری ہے)

چھوئے سن ہی کا کہنا تھا کہ مائیک پینس نے میڈیا پر حال ہی میں بے لگام اور نامناسب بیانات دیے ہیں کہ شمالی کوریا کا حشر بھی لیبیا جیسا ہوگا، میں سمجھتی ہوں کہ مائک پنس محض ایک سیاسی کٹھ پتلی ہیں، مجھے شدید حیرت ہے کہ شمالی کوریا کا لیبیا سے موازنہ کرنے کے احمقانہ اور جاہلانہ بیانات وہ شخص دے رہا ہے جو امریکا کے نائب صدر کے منصب پر فائز ہے۔

چھوئے سن ہی نے مزید کہا کہ اس بات کا دار و مدار امریکی رویے اور فیصلے پر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہتا ہے یا پھر ایٹمی جنگ کے میدان میں مقابلہ کرتا ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں امریکا اور شمالی کوریا نے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونا شروع ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات بھی طے ہوئی ہے، تاہم دونوں طرف سے جارحانہ بیانات کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا ہے۔