لاہور ہائیکورٹ نے سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کو گرفتار کرنے سے روک دیا

جمعرات 24 مئی 2018 18:41

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پارکنگ کمپنی کے سابق سربراہ حافظ میاں نعمان کو گرفتار کرنے سے روک دیا اور درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کر دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے حافظ نعمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیاہے کہ انہیں لاہور پارکنگ کمپنی کا اعزازی طور پر پہلا سربراہ مقرر کیا گیا، وہ صرف رسمی طور پر بورڈ میٹنگ میں حصہ لیتے رہے ہیں اور لاہورپارکنگ کمپنی سے کسی بھی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا۔

درخواست میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ حافظ نعمان نے دو برس پہلے 30 دسمبر کو لاہور پارکنگ کمپنی کے سربراہ کے عہدے سے استعفی دے دیا۔ درخواست میں وضاحت کی گئی کہ 2013 میں لاہور پارکنگ کمپنی نے قانون کے مطابق اشتہار دیکر ٹھیکہ دیا اور ٹھیکوں میں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں اعتراض اٹھایا گیا کہ نیب کی لاہور پارکنگ کمپنی کی انکوائری غیر قانونی ہے لیکن اس کے باوجود ہر طرح کی تحقیقات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں۔

درخواست میں بتایا گیا کہ حافظ نعمان ذیابیطس کے مریض ہیں اور ان کو خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار نہ کر لیا جائے۔عدالت نے حافظ نعمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 29 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ۔ یاد رہے کہ نیب نے حافظ نعمان کے طلبی کے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔