خطہ میں امن اور پختونوں کی خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں

گی،سکندرشیرپائو

جمعرات 24 مئی 2018 18:24

خطہ میں امن اور پختونوں کی خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں
چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی یوتھ ونگ ضلع چارسدہ کے رہنماء نظار خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔نظار خان نے اپنے سینئر ساتھیوں اور اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ گائوں شیرپائو میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائوسے ملاقات کی اور پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔

سکندر شیرپائو نے پارٹی میں شمولیت پرپیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے ضلعی رہنماء کو مبارکباد دی اور کہا کہ خطہ میں امن اور پختونوں کی خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا منشور دھرتی پر پائیدار امن اور پختونوں کے حقوق و تحفظ پر مبنی ہے اور اس کاز کے حصول کیلئے پارٹی کی جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں۔

(جاری ہے)

قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماء نے ملی رہبر آفتاب احمدخان شیرپائو کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں پارٹی کی مزید ترویج اور علاقہ کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے بروئے کار لائیں گے۔

سکندر شیرپائو نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے ،دھرتی پر امن کا پائیدار قیام اور صوبہ کے وسائل پر مکمل اختیار حاصل کرنے کیلئے قومی وطن پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے قائدین کی پختونوں اور اس دھرتی کیلئے خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں اور ہم اپنے قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پختونوں اور صوبہ کے حقوق کے حصول کیلئے ہر محاذ اور ہر فورم پر اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔